ہندوستان کو قدرتی گیاس کی سربراہی میں قطر سرفہرست

   

درآمدات میں 47 فیصد کی حصہ داری، متحدہ عرب امارات ، امریکہ اور عمان بھی اہم شراکت دار
حیدرآباد ۔13۔ مئی (سیاست نیوز) مغربی ایشیاء میں کشیدہ صورتحال کے دوران گیاس اور تیل کی ہندوستان میں برآمدات پر اثر پڑا ہے۔ امریکہ کی جانب سے تیل اور گیاس کی خریدی کے سلسلہ میں ہندوستان پر کئی پابندیاں عائد کی گئیں لیکن ہندوستان نے امریکی دباؤ کی پرواہ کئے بغیر اپنے روایتی دوست ممالک سے گیاس کی خریدی کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔ نریندر مودی حکومت نے خلیجی ممالک سے اپنے تعلقات کو استوار رکھا ہے کیونکہ قدرتی گیاس کی فراہمی میں قطر کا اہم رول ہے۔ ہندوستان کو قدرتی گیاس کی درآمدات میں قطر کی حصہ داری 47.28 فیصد ہے۔ ہندوستان کی جانب سے روس اور ایران سے بھی تیل کی خریدی کا سلسلہ جاری ہے۔ قدرتی گیاس کے معاملہ میں 6 ممالک ہندوستان کیلئے اہمیت کے حامل ہے۔ مجموعی درآمدات میں سب سے زیادہ قطر نے اپنی حصہ داری ادا کی ہے۔ متحدہ عرب امارات 13.47 فیصد جبکہ امریکہ 10.51 فیصد قدرتی گیاس ہندوستان کو سربراہ کر رہا ہے ۔ عمان سے حاصل ہونے والی قدرتی گیاس مجموعی درآمدات کا 7.67 فیصد ہے۔ جن دیگر ممالک سے ہندوستان قدرتی گیاس حاصل کر رہا ہے ، ان میں انگولا اور نائجیریا بھی شامل ہے۔ دیگر ممالک سے قدرتی گیاس کی سربراہی 7.16 فیصد درج کی گئی ہے۔ ملک میں صنعتی گھریلو شعبہ کے علاوہ برقی کی تیاری میں قدرتی گیاس کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ مغربی ایشیا میں کشیدگی کے باوجود ہندوستان میں تیل اور گیاس کی سربراہی پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا۔ حکومت نے وافر مقدار میں اسٹاک کا دعویٰ کیا ہے ۔ تاہم حالیہ عرصہ میں گیاس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔ آنے والے چند ماہ کے دوران پٹرولیم اور گیاس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پٹرولیم اور گیاس کے زائد استعمال سے گریز کریں۔1/k/m/b