ہندوستان کو 8 وکٹوں سے شکست ،شبنم اسماعیل بہترین کھلاڑی

   

لکھنؤ : لیزی لی اور لورا وول وارڈ نے ہندوستان کے خلاف ریکارڈ پہلی وکٹ کی پارٹنر شپ نبھائی جس کی بدولت جنوبی آفریقہ کی خاتون کرکٹ ٹیم نے یہاں کھیلے گئے پہلے ونڈے میں ہندوستانی ٹیم کو آسانی سے 8 وکٹوں سے شکست دی ۔ 5 مقابلوں کی سیریز میں مہمان ٹیم نے بآسانی 1-0 کی سبقت بنالی ہے ۔ ٹاس جیت کر مہمان ٹیم نے ہندوستان کو بیاٹنگ کیلئے مدعو کیا تاہم ہندوستانی ٹیم کسی بھی لمحہ مقابلہ میں بہتر مظاہرہ نہیں کرپائی ۔ 9 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے گئے جس میں میتھالی راج نے 85 گیندوں میں 50 رنز کی اننگز کھیلی ہے جبکہ ان کی نائب ہرمن پریت کور 41 گیندوں میں 40 رنز اسکور کرپائیں ۔ اس کے برعکس مہمان اوپنرس میں لی نے 122 گیندوں میں ناقابل تسخیر 83 اور لورا نے 110 گیندوں میں 80 رنز بناتے ہوئے پہلی وکٹ کیلئے 169 رنز اسکور کئے ۔ ہندوستانی ٹیم جو کہ کورونا کی وجہ سے 12 مہینوں کے بعد پہلا مقابلہ کھیل رہی تھی لیکن بیاٹنگ کے دوران ایسا محسوس ہورہا تھا کہ اس کے کھلاڑی کرکٹ بھول چکے ہیں ۔ بولنگ کے دوران بھی ہندوستانی اسپنرس مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں پر کوئی دباؤ نہیں بنا پائے اور حریف اوپنرس نے اسپنرس کیخلاف کافی رنز بنائے جیسا کہ لی نے 11 چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ لورا نے 12 چوکے لگائے ۔ جنوبی آفریقہ کیلئے شبنم اسماعیل نے 10 اوورس میں 28 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ان کی اس شاندار بولنگ پر انہیں مقابلہ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔