ہندوستان کی استحکام شکنی کیلئے چین اور پاکستان کی کوشش

   

اسلام امن پسند مذہب ‘دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں : دتاتریہ
حیدرآباد ۔ 17 / فبروری ( این ایس ایس ) سکندرآباد کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے چین پر الزام عائد کیا کہ وہ پاکستان کی مدد سے اس ملک (ہندوستان) کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔پلوامہ دہشت گرد حملہ اس سازش کی مثال ہے ۔ دتاتریہ نے پلوامہ میں شہید سی آر پی ایف جوانوں کو پراثر حراج عقیدت ادا کرنے کے لئے اندرا پارک میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ دتاتریہ نے کہا کہ چین دراصل پاکستان کی مدد کے ساتھ ہندوستان سے انتقام لینا چاہتا ہے ۔یہ امر انتہائی بدبختانہ ہے کہ چین اور پاکستان دونوں ہی ہندوستانی سرزمین پر دہشت گروں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں ۔ دتاتریہ نے کہا کہ دہشت گرد کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور واضح کیا کہ اسلام ایک عظیم اور امن پسند مذہب ہے ۔ بی جے پی کے ایک اور سینئر لیڈر جی کشن ریڈی نے الزام عائد کیاکہ مذہبی بنیادوں پر وجود میں آنے والا ملک دہشت گردی کا مرکزی و محور بن گیا ہے ۔ بی جے پی کے رکن قانون ساز کونسل این رامچندرراؤ نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ اس دہشت گرد حملہ تمام سازشیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔