ہندوستان کی سرمائی اولمپکس میں مایوس مہم کا اختتام

   

بیجنگ۔ سرمائی اولمپک کھیلوں میں ہندوستان کے اکیلے شریک الپائن اسکائر عارف خان چہارشنبہ کو یہاں مردوں کے سلالم مقابلے میں دوڑ ختم نہیں کرسکے، جس سے کھیلوں میں ملک کی مہم کا مایوس کن خاتمہ ہوا۔جموں اورکشمیر کے بارہمولہ ضلع سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ عارف نے دیوہیکل سلیلم میں 45 واں مقام حاصل کیا لیکن وہ یانکنگ نیشنل الپائن اسکینگ سنٹر میں سلیلم ایونٹ میں اپنی پہلی ریس مکمل نہیں کر سکے۔عارف جو اپنے سرمائی اولمپکس میں ڈیبیوکررہے ہیں، دوسری ریس میں حصہ نہیں لے سکے کیونکہ وہ پہلی ریس مکمل نہیں کرسکے۔ اس ایونٹ میں 88 کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں سے صرف 52 کھلاڑی ہی ریس مکمل کر سکے جو دوسری ریس میں حصہ لیں گے۔عارف نے بہت اچھی شروعات کی اور انہوں نے پہلا مرحلہ 14.40 سیکنڈ میں اور دوسرا مرحلہ 34.24 سیکنڈ میں مکمل کیا لیکن آخری مرحلہ مکمل کرنے میں ناکام رہے۔آسٹریا کے جوہانس سٹرولز 53.92 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ پہلی ریس میں تیز ترین اسکائیر تھے۔ ناروے کے ہنرک کرسٹوفرسن (53.94 سیکنڈ) اور سیباسٹین فوس سلواگ (53.98 سیکنڈ) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔عارف سرمائی اولمپکس کے دومقابلوں کے لیے کوالیفائی کرنے والے پہلے ہندوستانی ہیں، جنہوں نے جائنٹ سلیلم ایونٹ میں 2:47.24 سیکنڈ کا وقت لگایا اور45 ویں نمبر پر رہے۔