ہندوستان کی پہلی بولتی فلم عالم آرا ہمیشہ کیلئے خاموش

   

ممبئی: ہندوستان کی پہلی بولتی فلم عالم آرا 14؍ مارچ 1931ء کو ریلیز ہوئی تھی۔اس فلم کے ہدایت کار اردیشر ایرانی تھے ، فلم کے ہیرو ماسٹر وٹھل اور ہیروئن زبیدہ تھیں۔ فلم میں پرتھوی راج کپور بھی ایک اہم کردار میں تھے ۔ایک شہزادے اور قبائلی لڑکی کی محبت کی کہانی پر مبنی یہ فلم ایک پارسی ڈرامہ سے متاثر تھی۔ کہا جاتا ہے کہ عالم آرا میں کام کرنے کے لئے ماسٹر وٹھل نے شاردا اسٹوڈیو کے ساتھ اپنا کانٹریکٹ بھی توڑ دیا تھا۔ اسٹوڈیو نے بعد میں وٹھل کو عدالت میں بھی گھسیٹا اور جس شخص نے ماسٹر وٹھل کی پیروکاری کی وہ وکیل کوئی اور نہیں محمد علی جناح تھے ۔افسوس کہ ہندوستان کی تاریخ ساز فلم عالم آرا کے تمام پرنٹ تباہ ہو چکے ہیں۔ امپیریل مووی کمپنی کی جانب سے بنائی گئی اس فلم کاپرنٹ قومی آرکائیوز سمیت کہیں بھی موجود نہیں ہے۔ قومی آرکائیو زمیں اب صرف اس فلم کے کچھ فوٹو گراف اور کچھ میڈیا تصاویر ہی موجود ہیں۔ عالم آرا کا واحد پرنٹ پونے کے نیشنل فلم آرکائیوز میں لگی آگ میں تباہ ہو گیا اور یہ بولتی فلم ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاموش ہوگئی۔