ہندوستان کے حساس محکموں پر پاکستانی ہیکرس کی گرفت

,

   

نئی دہلی۔ انٹلیجنس بیورو (آئی بی) نے وزارت ریلوے کو گزشتہ ماہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے پاکستانی ہیکرس کی جانب سے ریلوے کے کمپیوٹرس کے استعمال اور ان کو ہیک کرنے سے متعلق چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی تھی۔ انٹلیجنس بیورو کے مکتوب میں بتایا گیا تھا کہ
“APT36”
سائبر کے ذریعہ ہندوستان کے حساس محکموں بشمول دفاع، سنٹرل پولیس آرگنائزیشنس، ایجوکیشن، ہیلتھ کیر وغیرہ کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بادی النظر میں اس کا مقصد RAT یعنی ریموٹ ایکسیس ٹروجن ، مالویر کو ایم ایس آفس ڈاکیومنٹ میں شامل کرتے ہوئے متاثرہ کمپیوٹرس سے معلومات کا سرقہ کرنا ہے۔ مکتوب میں بتایا گیا کہ کووڈ نظریہ کے نام پر ای۔میل کے ذریعہ متاثرہ کمپیوٹرس میں اس کو داخل کیا جارہا ہے۔ مخصوص نشانوں کو ای۔میل بھیجنے کیلئے “Spear-phishing” ای۔میلس کا نام دیا جارہا ہے۔ آئی بی نے انڈین ریلویز کو اس کے خلاف عمل آوری منصوبہ تیار کرنے کی سفارش کی ہے۔ ریلویز کی جانب سے متاثرہ کمپیوٹرس کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کو محفوظ بنانے کے فوری اقدامات کرنا ضروری ہے۔ یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ متاثرہ کمپیوٹرس کو
LAN/Internet
سے فوری منقطع کرتے ہوئے ان کے پاس ورڈس تبدیل کئے جائیں۔ متاثرہ کمپیوٹرس کے ہارڈ ڈسک کو فوری طور پر فارمیٹ کیا جائے اور دوبارہ استعمال سے قبل ڈیٹا کی مکمل اسکیاننگ کی جائے گی۔