ہندوستان کے خلاف فن ایلن کو مڈل آرڈر میں کھلانے پر غور

   

نئی دہلی، 11 اکتوبر (آئی اے این ایس) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ہندوستان کے خلاف 4 نومبر سے شروع ہونے والی 5 میچوں کی ونڈے سیریز میں جارحانہ بیٹر فن ایلن کو مڈل آرڈر میں کھلانے پر غور کررہی ہے۔ ایلن کی ونڈے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جنہوں نے آخری مرتبہ 2023 کے اواخر میں اس فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی تھی۔ نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ روب والٹر نے کہا کہ فن ایلن کو مڈل آرڈر میں موقع دینے سے ٹیم کو ان کی جارحانہ بیٹنگ سے فائدہ اٹھانے اور اننگزکے درمیانی اوورز میں زیادہ رنز بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ ٹی20 انٹرنیشنل میں ایلن اور ٹم سیفرٹ اننگزکا آغاز کرتے ہیں، تاہم ونڈے میں دونوں کے ساتھ اوپننگ کرنے کا امکان کم ہے۔والٹر کے مطابق، ونڈے کرکٹ میں 25 سے 40 اوورزکے درمیان اسپنرز اور پانچویں یا چھٹے بولر کے خلاف جارحانہ بیٹنگ اہم ثابت ہوسکتی ہے۔ ٹیم چاہتی ہے کہ ایلن اس مرحلے میں کھل کرکھیلیں اور اپنی پاور ہٹنگ کی صلاحیت کا مظاہرہ کریں۔ایلن کے مڈل آرڈر میں آنے کی صورت میں ڈیون کونوے، سیفرٹ کے ساتھ اننگزکا آغاز کرسکتے ہیں۔ کونوے ابتدائی 3 ونڈے میچوں کے بعد ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریزکی تیاری کے لیے ٹیم سے الگ ہوجائیں گے، جس کے بعد نک کیلی کو اوپننگ کی ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ والٹر نے بتایا کہ فن ایلن کو مڈل آرڈر میں کھلانے کے معاملے پر ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے دوران بھی بات چیت ہوئی تھی۔ آکلینڈ ایسز کے کوچ روب نکول نے بھی اس سلسلے میں ایلن سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ کوچ کے مطابق، ایلن اس نئے کردار کو آزمانے کے لیے تیار ہیں اور وہ اسے ایک چیلنج کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔