نئی دہلی،16ستمبر (یو این آئی) ہندوستان نے افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں 2-0کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ہے اور اب جمعرات کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والے تیسرے اور آخری میچ میں بینچ اسٹرینتھ کو آزمانے اور نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کی تیاری ہے ۔ ہندوستان دونوں میچ سات وکٹ سے جیت چکا ہے اور اب سیریز میں 3-0کی کلین سویپ پر نظریں ہیں۔سیریز کا نتیجہ طے ہونے کے بعد آخری میچ ٹیم مینجمنٹ کو مختلف کمبی نیشن آزمانے اور ان کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا موقع دے سکتا ہے جو اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔ باقاعدہ کھلاڑیوں نے سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے ۔ ابھیشیک شرما نے پہلے ٹی20 میں 32 گیندوں پر 82 رنز اور دوسرے میں 19 گیندوں پر 39رنز بنائے ، جبکہ سنجو سیمسن نے دوسرے میچ میں 22گیندوں پر 57رنز کی تیز اننگز کھیلی۔دوسرے ٹی20 میں سیمسن اور ابھیشیک نے پہلی وکٹ کے لیے 88رنز جوڑے ، جس کے بعد ایشان کشن نے ناٹ آؤٹ 38رنز بناکر ہندوستان کو کامیابی دلائی۔ ہندوستان نے افغانستان کے 8 وکٹ پر 159 رنز کے ہدف کو 14.5اوور میں حاصل کرلیا۔بولنگ میں نتیش کمار ریڈی نے دوسرے میچ میں 24رنز دے کر تین وکٹ لیے۔