ہند۔ ویسٹ انڈیز کے درمیان آج پہلا ون ڈے

   

ممبئی : ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ونڈے میچ (انڈیا بمقابلہ ویسٹ انڈیز ون ڈے) کل 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔ یہ ونڈے میچ ہندوستان کے لیے تاریخی ہوگا۔ جیسے ہی ہندوستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ونڈے کھیلے گی، وہ ونڈے کرکٹ کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کرنے کا کام کرے گی۔ 6 فروری کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا 1000 واں میچ کھیلنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ ہندوستان ونڈے کرکٹ کی تاریخ میں 1000 ونڈے کھیلنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی، جو اپنے آپ میں ایک بڑی بات ہے۔ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کی ٹیم ہے جس نے اب تک 958 ونڈے میچ کھیلے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی ٹیم تیسرے نمبر پر ہے جس نے اب تک 936 ونڈے میچز کھیلے ہیں۔ سری لنکا 870 میچز کے بعد چوتھے نمبر پر ہے۔ پانچویں نمبر پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہے جس نے اب تک 834 ونڈے میچز کھیلے ہیں۔1974 میں 13 جولائی کو ہندوستان نے اپنا پہلا ونڈے میچ انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے، لیڈز میں کھیلا، یہ تاریخی ایک روزہ میچ 55-55 اوورز کا تھا، جس میں انگلینڈ 4 وکٹوں سے میچ جیتنے میں کامیاب رہا۔ اجیت واڈیکر نے پہلے ونڈے میچ میں ہندوستان کی قیادت کی۔ ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 53.5 اوورز میں 265 رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے برجیش پٹیل (82) نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ اس کے علاوہ کپتان واڈیکر نے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔ سنیل گواسکر نے ہندوستان کے پہلے ونڈے میچ میں 28 رنز بنائے۔ دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم نے نشانہ 51.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ انگلینڈ کی جانب سے جان ایڈریچ نے سب سے زیادہ 90 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔سب سے پہلے ہندوستانی ٹیم نے 1983 میں ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا جب کہ 28 سال بعد 2011 ء میں ہندوستان نے دھونی کی کپتانی میں دوسری بار ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔ شیڈول کے مطابق ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ونڈے سیریز کا آغاز 6 فبروری سے ہوگا اور سیریز کا دوسرا میچ 9 فروری جبکہ تیسرا اور آخری ونڈے میچ 11 فروری کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔ اسی طرح تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 16 فروری، دوسرا میچ 18 فروری جبکہ تیسرا میچ 20 فروری کو کھیلا جائے گا۔ یہ میچز کولکتہ میں کھیلے جائیں گے-