ہند و پاک کیلئے آئندہ 72 گھنٹے تشویشناک : پاکستانی وزیر

   

اسلام آباد۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ایک وزیر نے ایک اہم اور الجھن پیدا کرنے والا بیان دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹے ہند ۔ پاک کیلئے بے حد تشویشناک ہوں گے کیونکہ اگر دونوں ممالک کے درمیان جنگ ہوگی تو یہ دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑی جنگ ہوگی۔ پاکستان کے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جنگ بہت ہی خطرناک ثابت ہوگی کیونکہ پاکستان نے اس کی پوری تیاری کرلی ہے۔ بہ الفاظ دیگر پاکستان اس وقت خود کو حالت جنگ میں تصور کررہا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے آئندہ 72 گھنٹوں کو بے حد تشویشناک قرار دیا۔ ’’دنیا ‘‘ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب کی بار یہ جنگ اگر ہوئی تو فائنل ہوگی۔ کچھ روز قبل انہوں نے کہا تھا کہ اگر پاکستان کی جانب کسی نے بھی آنکھ اٹھاکر دیکھا تو اس کی آنکھیں نکال دی جائیں گی اور منادر میں گھنٹیاں بجنا بند ہوجائیں گی۔