ہرارے، 21 جولائی (آئی اے این ایس) زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ہندوستان کو آئندہ تین میچوں کی ٹی 20 بین الاقوامی مقابلوں کی سیریز میں کامیابی کیلئے پسندیدہ قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقابلہ یک طرفہ نہیں ہوگا اور دونوں ٹیموں کے پاس سیریز جیتنے کے برابر مواقع موجود ہیں۔ زمبابوے میں ہونے والی اس سیریز میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت شریاس ایئر کریں گے اور تینوں میچ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم اس سیریز میں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف خراب کارکردگی کے بعد میدان میں اترے گی۔ نئے کپتان شریاس ایئرکی قیادت میں ہندوستان کو بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اسے 4-0 سے شکست ہوئی۔ ہندوستان کی ونڈے کرکٹ میں بھی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی اور شبمن گل کی قیادت میں اسے تین میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سکندر رضا نے اسٹار اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس سیریز میں دونوں ملکوں کے پاس برابر مواقع ہوں گے۔ تاہم ایک بات مجھے یقین سے معلوم ہے کہ چونکہ زمبابوے مسلسل اچھی اور دلچسپ کرکٹ کھیل رہا ہے، اس لیے یہ سیریز بھی بہت دلچسپ ہوگی۔ جہاں تک کامیابی اور شکست کا تعلق ہے، جو دونوں ملکوں کے لیے اہم ہے، میرے خیال میں دونوں ٹیموں کے پاس سیریز جیتنے کے برابر مواقع ہیں۔ رضا کے مطابق ہندوستان کی طرح زمبابوے کی ٹیم بھی تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی ہے، جس کی وجہ سے سیریز مزید دلچسپ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا، جی ہاں، میرے خیال میں ہندوستان بھی تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے اور کسی حد تک زمبابوے میں بھی تبدیلی کا عمل جاری ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ یہ سیریز یک طرفہ ہوگی۔ ہندوستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک دس ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے جا چکے ہیں جس میں ہندوستان نے سات میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ زمبابوے تین مرتبہ فاتح رہا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلے میں ہندوستان کامیاب رہا ۔