ہند ۔ پاک میں کورونا سے بیشتر پولیس ملازمین متاثر

   

لاہور ۔18مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے پولیس ملازمین کی بڑی تعداد متاثر ہو ر ہی ہے۔ سب سے زیادہ پاکستان کے پنجاب میں پولیس اہلکار دوران ڈیوٹی وائرس کا شکار ہوئے ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر سندھ کے اہلکاروں میں کرونا وائرس پایا گیا ہے۔ لاہور کی مال روڈ پر لگے پولیس ناکے پر ڈیوٹی دینے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر ظفر اقبال نے بتایا کہ 22 مارچ کو جب کرونا کے باعث لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا تو ان کی ڈیوٹی اِسی پولیس ناکے پر لگائی گئی تھی۔ وہ 12 گھنٹے یہاں ساتھیوں کے ساتھ فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ ظفر اقبال کے مطابق پہلے ہفتے یا 10 دن میں لوگوں نے لاک ڈاؤن کی خاصی پابندی کی۔
جس کے بعد حکومتی نرمی کے ساتھ ہی شاہراہوں پر ٹریفک بڑھنے لگی۔ اِس دوران وہ ہر گاڑی، موٹر سائیکل اور رکشے والے کو روک کر انہیں لاک ڈاؤن کی پابندی کا کہتے۔انہوں نے کہا کہ ایک دن دوران ڈیوٹی ہمارے ایک ساتھی کو بخار کی شکایت ہوئی تو افسران نے اْسے چھٹی پر بھیج دیا۔ جس کے چند دن بعد مجھے بھی گلے میں خراش اور بخار کی تکلیف محسوس ہوئی۔ ٹیسٹ کرانے پر معلوم ہوا کہ ہم دونوں کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں کو میو اسپتال لاہور منتقل کیا گیا۔ ہر وقت کرونا اور اِس سے ہلاکتوں کی خبریں سن سن کر ایسا لگتا تھا اب زندہ بچنا مشکل ہے۔ میو اسپتال میں دوران علاج جس طرح ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملے نے اْن کا علاج اور دیکھ بھال کی۔ اْس سے ہمت بندھی کہ یہ بھی تو انسان ہیں جو کورونا کے مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ بس پھر انہوں نے بھی تہیہ کر لیا کہ اب کورونا کو ہر صورت شکست دینی ہے۔ظفر اقبال نے بتایا کہ 15 دن بعد تندرست ہو کر اپنے گھر منتقل ہو گیا۔ اِسی دوران لاہور پولیس کے مزید اہلکاروں میں کرونا وائرس کی موجودگی کی خبریں آنا شروع ہو گئیں۔ ایک ہفتہ مزید گھر پر گزارنے کے بعد دوبارہ سے ڈیوٹی شروع کر دی ہے۔ ان کی ڈیوٹی دوبارہ اِسی پولیس ناکے پر لگی ہوئی ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اب ہم افطاری کے بعد ڈیوٹی کرتے ہیں اور دن میں بازاروں میں دکانوں کے کوروونا سے متعلق قواعد و ضوابط چیک کرتے ہیں۔ کورونا وائرس یہ نہیں پوچھتا کہ تم پولیس والے ہو یا نہیں۔کرونا وائرس سے پنجاب پولیس کے اہلکار سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر میں 331 اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ کورونا کے شکار اہلکاروں میں سے 54 اہلکار مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔ محکمہ پولیس اپنے محدود وسائل کے ساتھ اہلکاروں کی صحت کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔