ہوٹلوں اور ریستوراں میں سرویس چارجس کی وصولی پر امتناع

   

خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ ، عوام 1915 کو فون یا این سی ایچ کے موبائل ایپ کے ذریعہ شکایت کرسکتے ہیں
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ہوٹلوں اور ریستوراں میں کھانا کھانے پر عائد کئے جانے والے سرویس چارج پر امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔ فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں اور ریستوراں کے خلاف 1915 یا این سی ایچ موبائل ایپ سے شکایت کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ عوام سے بڑے پیمانے پر شکایتیں وصول ہونے کے بعد سنٹرل کنزیوم پروٹیکشن اتھاریٹی ( سی سی پی اے ) نے ہوٹلوں اور ریستوراں میں کھانے کے بل پر خود بخود یا ڈیفالٹ سرویس چارج پر امتناع عائد کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سی سی پی اے نے کہا کہ اگر کسٹمرس کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی ہونے کی شکایتیں وصول ہوتی ہیں تو ایسے ہوٹلوں اور ریستوراں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یہ فیصلہ عوام کے لیے بہت بڑی راحت ثابت ہوگا ۔ عوام سے خواہش کی گئی ہے کہ ان کی مرضی کے خلاف ہوٹلوں اور ریستوراں کی جانب سے سرویس چارج وصول کیا جاتا ہے تو وہ نیشنل کنزیومر ہیلپ لائن موبائل ایپ یا 1915 پر ٹیلی فون کرتے ہوئے اس کی شکایت کرسکتے ہیں ۔ صارفین سی سی پی اے کے ذریعہ تحقیقات اور دیگر کارروائیوں کے لیے متعلقہ ضلع کلکٹر سے بھی شکایت کرسکتے ہیں ۔ ای میل کے ذریعہ بھی سی سی پی اے سے شکایت کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ ہوٹلوں اور ریستوراں کو ہدایت دی گئی ہے کہ مینو میں کھانے پینے اور مشروبات کی جو قیمتیں درج کی گئی ہیں وہی چارجس صارفین سے وصول کئے جائیں۔۔ ن