ہیراگولڈ کی ایم ڈی نوہیرا شیخ سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تفتیش

   

ایم ڈی کیساتھ مینیجر مرلی کو تحویل میں لینے کی تیاری ، بیرون ممالک سے رقمی لین دین پر کارروائی
حیدرآباد۔ 2 مئی (سیاست نیوز) ہیرا گولڈ گروپ کی مینیجنگ ڈائریکٹر نوہیرا شیخ سے تفتیش کرنے کیلئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) حکام نے مقامی عدالت سے تحویل کی اجازت حاصل کرلی ہے۔ نوہیرا شیخ اور اس کے مینیجر مرلی تھامس اور بیجو تھامس کو بھی تحویل میں لیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ہیرا گولڈ گروپ کی مینیجنگ ڈائریکٹر سے مشتبہ بینک کھاتوں اور بیرونی ممالک سے رقمی لین دین کے معاملے میں تفتیش کی جائے گی۔ نوہیرا شیخ کو گزشتہ سال سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے کھاتہ داروں کو دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور بعدازاں اسے دیگر ریاستوں کی پولیس نے بھی گرفتار کرکے اپنی تحویل میں لیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ای ڈی حکام نوہیرا شیخ سے240 بینک کھاتوں کے علاوہ کمپنی ڈائریکٹرس کی تفصیلات حاصل کرے گی۔ اب تک کی تحقیقات میں تحقیقاتی ایجنسی تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش، دہلی، مہاراشٹر، کیرلا اور کرناٹک میں 81 جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے جس کی مالیت 213 کروڑ روپئے بتائی جاتی ہے۔ ای ڈی حکام عنقریب نوہیرا شیخ کو اپنی تحویل میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کریں گے۔