ہیلی کاپٹر حادثہ میں چھ افراد ہلاک

   

نیویارک : ہیلی کاپٹر نیویارک اور نیو جرسی کے درمیان دریائے ہڈسن میں گر کر تباہ ہوا، جس میں سوار تین بچے اور تین بالغ افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار سیاحوں کا تعلق اسپین سے تھا۔ امریکہ میں حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز نیویارک میں سیاحوں کے ایک خاندان کو لے جانے والا ایک ہیلی کاپٹر دریائے ہڈسن میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کی وجہ سے تین بچوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے اس واقعہ سے متعلق صحافیوں کو بتایا کہ پانچ افراد پر مشتمل سیاح خاندان کا تعلق اسپین سے تھا، جبکہ ہلاک ہونے والا چھٹا شخص ہیلی کاپٹر کا پائلٹ ہے۔ حادثہ کے وقت یہی تمام افراد ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔ ایرک ایڈمز نے میڈیا بریفنگ کے دوران مزید بتایا کہ تمام نعشیں پانی سے نکال لی گئی ہیں۔