ہیٹ مائردوسرے فنیشر دھونی، رنکو سنگھ اور جڈیجہ سے آگے

   

نئی دہلی ۔ جب ہم لفظ ‘فینشر’ سنتے ہیں تو سب سے پہلا نام جو ہمارے ذہن میں آتا ہے وہ ہے مہندر سنگھ دھونی۔ انہوں نے آئی پی ایل میں چنئی سوپرکنگز کے لیے بہت سے میچ تنہا جتوائے ہیں ۔ رنکو سنگھ آخری اوور میں پانچ چھکے لگا کرکولکتہ نائٹ رائیڈرزکے فنشر کے طور پر بھی مشہور ہوئے۔ اس کے علاوہ رویندرا جڈیجہ اور دنیش کارتک کچھ ایسے نام ہیں جن کا شمار آئی پی ایل کے بڑے فنشرز میں کیا جاتا ہے لیکن اس ٹورنمنٹ میں ایک کھلاڑی ایسا بھی ہے جو ان سے بھی بڑا فنشر ہے لیکن اس کا کبھی چرچا نہیں ہوتا۔ اس کھلاڑی کا نام شمرون ہیٹ مائر ہے۔ یہ کھلاڑی گزشتہ 4 سیزن میں عظیم ترین فنشر کے طور پر ابھرا ہے لیکن اب تک ان کا شمار اس فہرست میں نہیں ہوا ہے۔ پنجاب کنگز کے خلاف ان کی اننگز اس کا تازہ ترین ثبوت ہے۔ دھونی، رنکو سنگھ، جڈیجہ اور دنیش کارتک کے پاس 18ویں، 19ویں اور20 ویں اوور میں بیٹنگ کرتے ہوئے بہترین ریکارڈ ہیں۔ لیکن ہیٹ مائر ان چاروں سے آگے ہے۔ گزشتہ 4 سیزن میں ان اوور کے دوران ہیٹ مائر کی اوسط اور رنز سب سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے تقریباً 52 کی اوسط سے 467 رنز بنائے ہیں۔ کارتک، جو ٹاپ 5 فنشرز میں شامل تھے، نے 30 کی اوسط سے 396 رنز بنائے اور جڈیجہ نے تقریباً 27 کی اوسط سے 374 رنز بنائے۔ اس معاملے میں دھونی چوتھے اور رنکو سنگھ پانچویں نمبر پر آتے ہیں۔ ایم ایس ڈی نے 22 کی اوسط سے 318 رنز بنائے جبکہ رنکو نے 30 کی اوسط سے 303 رنز بنائے۔ ہیٹ مائر آخری اوورز میں نہ صرف رنز بناتا ہے بلکہ چھکے بھی لگاتا ہے۔ اس دوران بیٹر کا اسٹرائیک ریٹ سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ اوور میچ کی جیت یا ہار کا فیصلہ کرتے ہیں۔ اس معاملے میں بھی ہیٹ مائر نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ پچھلے چار سیزن میں ہیٹ مائر نے 40 چھکے لگائے جبکہ کارتک نے 30 اور رنکو سنگھ نے 26 چھکے لگائے۔ وہیں دھونی نے 23 اور جڈیجہ نے 21 چھکے لگائے۔ ڈیتھ اوورز میں 18ویں، 19ویں اور 20ویں اوور میں بیٹنگ کرتے ہوئے رنکو سنگھ کا اسٹرائیک ریٹ 206.12، کارتک کا 204.12، دھونی کا 194.51 اور جڈیجہ کا 187 ہے۔ جبکہ ہیٹ مائر 217 کے تیز ترین اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہیں۔یاد رہے کہ ان چار سیزن میں دھونی (33) اور کارتک (33) نے 18ویں، 19ویں اور 20ویں اوور میں سب سے زیادہ بار بیٹنگ کی ہے۔ جڈیجہ نے 32 اور ہیٹ مائر نے31 اننگز کھیلی۔ رنکو سنگھ (18) نے آخری اوور کے ٹاپ پانچ بیٹرس میں سب سے کم اننگز کھیلی ہے۔