ہیڈ کانسٹبل کی گولی لگنے سے مشتبہ موت،حسینی علم کبوتر خانہ میں سنسنی

   

حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ حسینی علم کبوتر خانہ میں آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس ( ٹی ایس ایس پی ) سے وابستہ ایک ہیڈ کانسٹبل کی گولی لگنے سے مشتبہ حالت میں موت واقع ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق 29 سالہ بی سریکانت متوطن سوریا پیٹ ٹی ایس ایس پی کا ہیڈ کانسٹبل تھا اور اس نے 12 جون 2023 کو اپنے ساتھی 25 کانسٹبلس کے ساتھ حسینی علم پولیس آؤٹ پوسٹ واقع کبوتر خانہ میں ڈیوٹی انجام دینے کیلئے رپورٹ کیا تھا۔ کل رات دیر گئے سریکانت سنتری ڈیوٹی انجام دینے کے بعد وہ اپنے گارڈ روم میں موجود تھا کہ صبح کی اولین ساعتوں 3بجکر 25 منٹ پر وہاں موجود دیگر پولیس کانسٹبلس نے فائرنگ کی آواز سنی اور وہ فوری گارڈ روم کی طرف دوڑ پڑے ۔ گارڈ روم کا دروازہ اندر سے بند رہنے کے نتیجہ میں ٹی ایس ایس پی کے پانچ کانسٹبلس نے دروازہ توڑ کر گارڈ روم میں داخل ہوئے اور سریکانت کو خون میں لت پت پایا جبکہ اس کی کاربائن بندوق بھی وہاں موجود تھی اور گولی لگنے کے نتیجہ میں خون بہہ رہا تھا۔ پولیس عملے نے شدید زخمی سریکانت کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس کی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ ہیڈ کانسٹبل کی سرویس بندوق اتفاقی طور پر چلنے کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہوگا۔ اس سلسلہ میں پولیس حسینی علم نے مشتبہ انداز میں موت واقع ہونے کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور ہر زاویہ سے اس معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے۔ ب

موبائیل فون کے عادی رہزن گرفتار
حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سکندرآباد کی مہانکالی پولیس نے موبائیل فون کی رہزنی میں ملوث دو عادی رہزن بشمول ایک کم عمر نوجوان کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 9 مسروقہ اسمارٹ موبائیل فونس اور ایک گاڑی برآمد کرلی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون شریمتی دپتی چندنا نے بتایا کہ 23 سالہ کے کرشنا جو ریاپیڈو گاڑی کا کیپٹن ہے اور میاں پور کا ساکن ہے وہ کم عمر نوجوان کے ہمراہ علاقہ مہانکالی، گچی باؤلی، باچوپلی اور دیگر علاقوں میں گھومتے ہوئے راہگیروں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے موبائیل فون کی رہزنی کی تھی۔ پولیس نے اس کارروائی میں مذکورہ افراد کے قبضہ سے9 موبائیل فونس، ایک موٹر سائیکل جس کی مالیت 3.5 لاکھ ہے برآمد کرلی اور عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔ب