یادگار شہیداں تلنگانہ پر کانگریس قائدین کا دھرنا

   

ملازمتوںکی فراہمی پر مباحث کیلئے کے ٹی راما راؤ کا انتظار
حیدرآباد: تلنگانہ میں سرکاری محکمہ جات میں تقررات کے مسئلہ پر کے ٹی راما راؤ کو مباحث کا چیلنج کرنے کے بعد کانگریس قائدین آج یادگار شہیدان تلنگانہ گن پارک پہنچے اور کے ٹی آر کا انتظار کیا۔ کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ میں ایک لاکھ سے زائد جائیدادوں پر تقررات کا دعویٰ کرتے ہوئے اپوزیشن کو مباحث کی دعوت دی تھی ۔ اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون اور دیگر قائدین گن پارک پہنچے اور حکومت کے دعوؤں کو مسترد کردیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر شراون نے کہا کہ حکومت کو ایک لاکھ سے زائد تقررات کی تفصیلات کے علاوہ امیدواروںکو جاری کردہ تقرر کا مکتوب جاری کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کونسل انتخابات کے پیش نظر بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں تاکہ رائے دہندوں کو گمراہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 ء میں ایک لاکھ 7 ہزار جائیدادیں مخلوعہ تھیں جس کا اعتراف چیف منسٹر نے اسمبلی میں کیا تھا۔ پی آر سی کمیشن نے ایک لاکھ 91 ہزار مخلوعہ جائیدادوںکی نشاندہی کی ہے۔ شراون نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے قربانی دینے والے سریکانت چاری کے افراد خاندان نے کسی کو روزگار فراہم نہیں کیا گیا۔ گزشتہ 7 برسوں سے لاکھوں بیروزگار نوجوان ملازمتوں کے منتشر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 47 فیصد ریاستی حکومت کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ کانگریس دور حکومت میں ہر چیف منسٹر نے ہزاروں کی تعداد میں تقررات کئے تھے۔ ہر سال ڈی ایس سی نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اساتذہ کے تقررات کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور بیروزگار نوجوان کے ٹی آر کے دعوؤں کا شکار نہیں ہوں گے۔