یشونت سنہا کا آج حیدرآباد میں ہوگا شاندار استقبال

   

6 ہزار موٹر سائیکلوں کے ساتھ ٹی آر ایس کی بائیک ریالی ، گاندھی بھون اور مجلس کے بھی علحدہ پروگرامس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : حکمران ٹی آر ایس پارٹی نے حیدرآباد میں بی جے پی کے قومی اجلاس کے جواب میں اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ صدارتی امیدوار یشونت سنہا کا 2 جولائی کو حیدرآباد میں شاندار خیر مقدم کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے ۔ ایرپورٹ سے 6 ہزار موٹر سائیکلوں کی بائیک ریالی جل وہار تک منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے شہر کے وزراء ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ دوسرے اہم قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ یشونت سنہا 2 جولائی کو صبح 10 بجے ایرپورٹ پہونچیں گے ۔ وزراء کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ یشونت سنہا کا ایرپورٹ پر خیر مقدم کریں ۔ 11 بجے جل وہار میں ٹی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ جس میں ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان قانون ساز کونسل ، ضلع پریشد صدور نشین کے علاوہ دوسرے اہم قائدین شرکت کریں گے ۔ جل وہار میں منعقدہ ٹی آر ایس کے اجلاس میں چیف منسٹر کے سی آر کی تقریر کے بعد یشونت سنہا خطاب کریں گے ۔ اس کے بعد گاندھی بھون میں منعقد ہونے والے کانگریس کے اجلاس اور مجلس کے پروگرام میں بھی یشونت سنہا شرکت کرنے کے بعد شام میں بنگلور روانہ ہوں گے ۔ کے ٹی آر کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں ریاستی وزراء محمد محمود علی ، ٹی سرینواس یادو ، ملا ریڈی ، سبیتا اندرا ریڈی ، مئیر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی ، ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر ، ایم گوپی ناتھ ، ایم گوپال ، اے گاندھی ، ہنمنت راؤ ، کے یادیا ، کے پی ویویکا نندا ، ارکان قانون ساز کونسل ، بی راجیشور ریڈی ، ایس راجو کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔۔ ن