یمنی حوثیوں کا امریکی جہاز پر پہلا جان لیوا میزائل حملہ،2ہلاک

,

   

صنعاء : یمن میں ایرانی نواز حوثیوں نے خلیج عدن میں امریکی بحری جہاز پر شدید میزائل حملے کیے جس سے جہاز میں آگ لگ گئی۔ صنعا میں برطانوی سفارت خانے نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دو ملاحوں کی ہلاکت کا بھی اعلان کیا ہے۔ حوثیوں کے عسکری ترجمان یحیی سری نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتایا خلیج عدن میں موجود امریکی بحری جہاز ” ٹرو کانفیڈنس” پر میزائلوں کا شدید حملہ کیا گیا جس سے اس میں آگ بھڑک اٹھِی۔یہ پہلا موقع ہے کہ حوثی حملے کے نتیجے میں انسانی ہلاکتیں ہوئی ہیں، اس سے پہلے گزشتہ روز برطانوی و امریکی حکام نے بتایا تھا کہ حوثیوں کے میزائل حملے سے دو جہازوں کو نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب ،حوثیوں نے یونانی ملکیت مال بردار جہاز پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے،یہ حملہ یمن کی بندرگاہ عدن سے پچاس سمندری میل کے فاصلے پر کیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر برطانوی سفارت خانے کی طرف سے لکھا گیا ہے کہ کم از کم دو بے گناہ ملاح مارے گئے ہیں، یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے مگر حوثی بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہازوں پر مسلسل حملے کر رہے ہیں جنہیں لازماً روکنا چاہیئے۔ سفارت خانے کا مزید ہماری گہری تعزیت ان خاندانوں کے ساتھ ہے جن کے لوگ ہلاک ہوئے ہیں اور جن کے عزیز اس حملے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ دریں اثنا حوثیوں نے کہا ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کے طور پر بحیرہ احمر اور بحیرہ عمان میں بحری جہازوں ہمارے حملے جاری رہیں گے۔