یوروپی یونین کا افغانستان کیلئے ایک ارب یوروکا پیکیج

   

برسلز : یورپی یونین نے افغانستان کو بڑے انسانی، سماجی اور معاشی بحران سے بچانے کے لیے ایک ارب یورو کے امدادی پیکج کا اعلان کردیا ۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین نے ایک جاری بیان میں کہا کہ افغانستان کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پہلے سے اعلان کردہ 25 کروڑ یوروز کی رقم میں مزید 30 کروڑ یوروز کا اضافہ کیا جائے گا جبکہ باقی رقم افغانستان کے ان پڑوسی ممالک کو دی جائے گی جہاں لوگ طالبان حکومت سے فرار کے بعد بطور مہاجرین جا رہے ہیں۔یورپیئن کمیشن کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین نے اٹلی کی میزبانی میں ورچوئل جی20 سمٹ کے دوران امداد کا اعلان کیا جو افغانستان میں انسانی اور سیکیورٹی کی صورت حال پر بات چیت کے لیے طلب کی گئی تھی۔انہوں نے زور دیا کہ یورپی یونین کے فنڈز افغانوں کے لیے براہ راست مدد کے لیے ہیں اور یہ فنڈز طالبان حکومت کے بجائے زمین پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کو بھیجے جائیں گے کیونکہ یورپی یونین طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کرتی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں افغانستان کو انسانی اور سماجی و معاشی تباہی سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے اور موسم سرما کی آمد کے پیش نظر ہمیں یہ کام تیزی سے کرنے کی ضرورت ہے۔

پْراسرار طور پر لاپتا 2فلسطینی بازیاب
انقرہ : ترکی کی پولیس نے 7 لا پتافلسطینیوں میں سے 2 کو بازیاب کرلیا۔ یہ فلسطینی کئی ہفتے قبل مختصر وقفوں کے ساتھ پراسرار طور پر غائب ہو گئے تھے۔ بازیاب ہونے والے دونوں کے نام عبد الرحمن یوسف محمد بو نوا اور رائد عاشور ہیں۔ ترک پولیس نے دونوں افراد کے اہل خانہ اور ان کی روپوشی کی اطلاع دینے والے اداروں کو ا?گاہ کر دیا ہے۔ ادھر فلسطینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ترکی میں اس کا سفارت خانہ باقی فلسطینیوں کی تلاش کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔