یورپی قائدین اور مصری صدر کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

   

قاہرہ: مصری صدر عبدالفتآح السیسی اور یورپی کمیشن کی صدر کی قیادت میں قاہرہ کے دورے پرآئے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی پر زور دیا ہے۔دونوں فریقین نے غزہ اور دوسرے فلسطینی علاقوں سے جبری انخلاء کی مخالفت کی اور تنازعہ کی یکسوئی کیلئے فلسطین کے دو ریاستی حل کی ضرورت پر زور دیا۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے زور دیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں فلسطینی عوام کے مصائب کے خاتمے کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے سوا کوئی حل نہیں ہے۔ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت دی جائے اور دو ریاستی فارمولے کے اصولوں پر عمل درآمد کے لیے کام کیا جائے۔انہوں نے یورپی یونین کے رہ نماؤں کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حل میں تاخیر خطے اور پوری دنیا کو عدم استحکام سے دوچار کررہی ہے۔ مصر غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی کسی اسرائیلی کوشش کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنہ 1967ء کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے علاقوں سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور مشرقی یروشلم سے فلسطینیوں کو نکالنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔