یورپی یونین اور اسرائیل کی ایک عشرے میں پہلی اعلیٰ میٹنگ

   

برسلز: یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار جوزیپ بوریل نے دو ریاستی حل کی حمایت کے لیے اسرائیلی وزیر اعظم یائیرلاپید کی تعریف کی تاہم کہا کہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال ’’تشویشناک‘‘ ہے۔یورپی یونین نے کہا کہ وہ برسلز میں ہونے والے مذاکرات کے دوران قیام امن کی کوششوں کو بحال کرنے اور فلسطینی علاقوں کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے گی۔سن 2012 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب یورپی یونین نے اسرائیل کے ساتھ “ایسوسی ایشن کونسل” کی میٹنگ منعقد کی ہے۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزیپ بوریل نے میٹنگ کے آغاز میں کہا کہ، “ہم ان کچھ مخصوص مسائل کے بارے میں واضح اور کھل کر بات کریں گے، جو ہماری تشویش کا سبب ہیں۔”انہوں نے کہا “میں فلسطینی علاقوں کی صورت حال اور مشرق وسطیٰ امن مساعی کے بارے میں بات کررہا ہوں، جو تعطل کا شکار ہے۔”بوریل نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اسرائیلی وزیر اعظم یائر لاپید کی تقریر کی حمایت کا اظہار کیا، جس میں اسرائیلی رہنما نے “دو ریاستوں پر مبنی لوگوں کے لیے فلسطینیوں کے ساتھ معاہدہ” پر زور دیا۔