پیرس: 15 نومبر ( یو این آئی ) ٹرمپ انتظامیہ نے یوکرین جنگ کے بعد یورپ کے لیے نئے دفاعی اور سلامتی نظام میں روس کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے جس پر متعدد یورپی ممالک نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔فرانسیسی اخبار کے مطابق ابوظبی میں امریکہ، روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یورپ کے مستقبل کے سلامتی نظام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق روسی مذاکراتی وفد کے سربراہ نے امریکی تجویز کو ماسکو کے لیے مثبت پیشرفت قرار دیا، جبکہ روسی وزارت خارجہ نے بھی یورپی ممالک کو نئے دفاعی معاہدوں کی پیشکش کی تاہم ابوظبی مذاکرات میں یورپ کے نئے دفاعی نظام سے متعلق کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پاسکا۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے امریکی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کا سلامتی نظام پہلے سے موجود ہے، اصل مسئلہ روس کی جانب سے معاہدوں کی پاسداری نہ کرنا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ نے بھی ماسکو پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سابقہ بین الاقوامی معاہدوں اور ذمہ داریوں کا احترام کرے۔ دوسری جانب 13 نومبر کو ڈبلن میں تقریباً 40 یورپی ممالک کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ یورپ کے مستقبل اور سلامتی سے متعلق فیصلے یورپی ممالک کی شرکت کے بغیر نہیں کیے جاسکتے۔ یورپی ممالک کا کہنا ہے کہ وہ روس کے ساتھ مذاکرات کے مخالف نہیں، تاہم کسی بھی نئے معاہدے میں یورپ کی سلامتی، یوکرین کی خودمختاری اور نیٹو کے دفاعی نظام کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ادھر یوکرینی صدرزیلنسکی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس وسیع تر سلامتی مذاکرات کے ذریعہ یوکرین کے مستقبل سے متعلق بنیادی معاملات کو پس منظر میں دھکیلنے کی کوشش کرسکتا ہے۔