یومیہ 2500 پاسپورٹس کی اجرائی ، شکایتوں کی یکسوئی کے لیے ہر منگل کو ’ چارٹ وتھ آر پی او ‘ پروگرام

   

سلاٹ بکنگ کی تاخیر کو دور کرنے جنگی خطوط پر اقدامات ، ایمرجنسی سفر کو یقینی بنانے سکندرآباد سنٹر پر خصوصی کاونٹر کا قیام
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا نے بتایا کہ یومیہ 2500 پاسپورٹس کی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ سلاٹ بکنگ اور پاسپورٹ جاری کرنے میں جو تاخیر ہورہی ہے اس کو دور کرنے کے لیے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ حصول پاسپورٹ کے لیے سلاٹ بک کرنے کے لیے دو ماہ تک انتظار کرنے کی وجوہات بتاتے ہوئے ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے بتایا کہ کورونا بحران کے باعث دو سال تک پاسپورٹ کے لیے زیادہ درخواستیں وصول نہیں ہوئی ۔ حالت بحال ہوجانے کی وجہ سے بیرونی ممالک میں سفر کرنے کی اجازت حاصل ہورہی ہے ۔ جس کے سبب طلبہ اور ملازمین بیرونی ممالک روانہ ہونے کے لیے بڑے پیمانے پر درخواستیں داخل کررہے ہیں جس کی وجہ سے پاسپورٹ کے سیوا مراکز پر سلاٹ کی فراہمی میں تاخیر ہورہی ہے ۔ تعطیل کے دن ہفتہ کو بھی کام کیا جارہا ہے ۔ پاسپورٹ آفیسر بالیا نے کہا کہ ایمرجنسی میں بیرونی ممالک روانہ ہونے والوں کے لیے سکندرآباد ریجنل پاسپورٹ سیوا سنٹر پر ایک خصوصی کاونٹر قائم کیا گیا ہے ۔ تعلیم ، روزگار اور ایمرجنسی طبی خدمات کے لیے بیرونی ممالک روانہ ہونے والے افراد متعلقہ ڈاکومنٹس کے ساتھ سنٹر پہونچنے پر انہیں ایک ہفتہ میں پاسپورٹ کی اجرائی کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ صبح 9-30 تا دوپہر 12-30 تک یہ کاونٹر خدمات انجام دے رہا ہے ۔ اس کاونٹر کی خدمات سے روزانہ 150 تا 200 افراد استفادہ کررہے ہیں ۔ حال ہی میں 9 دن کے شیرخوار کو لندن میں علاج کرانے کے لیے صرف ایک گھنٹہ میں پاسپورٹ جاری کیا گیا ۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن احتجاجی واقعہ میں چند پاسپورٹ پوری طرح نذر آتش ہونے پر نئے پاسپورٹس کی اجرائی کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ تمام پاسپورٹ سیوا مراکز پر صد فیصد اپائنمنٹس دئیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چند افراد پہلے ٹکٹ بک کرنے کے بعد پاسپورٹ کی میعاد ختم ہوجانے کی درخواستیں داخل کررہے ہیں ۔ وہ ایسے افراد کو مشورہ دیتے ہیں ایمرجنسی نا ہو تو اپنے سفر کو ملتوی کرلیں ۔ پاسپورٹ آفیسر نے کہا کہ درخواست گذاروں کی شکایتوں پر غور کرنے کے لیے ہر منگل کو ’ چاٹ وتھ آر پی او ‘ کا دوپہر 12 تا ایک بجے تک پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ 8121401532 نمبر کر واٹس ایپ کے ذریعہ درخواست گذار اپنے مسائل پیش کرسکتے ہیں جس کا جائزہ لینے کے بعد مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔۔ ن