یوم تاسیس تقاریب کے ضمن میں ظہیرآباد میں کلچرل پروگرامس

   

دو روزہ ادبی جشن ، طلبہ کیلئے تحریری و تقریری مقابلے ، شعراء کیلئے غزل گوئی کا مقابلہ

ظہیر آباد 7/ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) صدر بی آر ایس ظہیرآباد ٹاون سید محی الدین نے تلنگانہ کی 10 ویں یوم تاسیس کی تقاریب کے موقع پر ظہیرآباد میں کلچرل پروگرامس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ لٹریری فورم ظہیرآباد کے تعاون سے دو روزہ ادبی جشن منایا جائے گا ۔ طلباء کی پوشیدہ صلاحتیوں کو اجاگر کرنے کیلئے 12/جون کو 11 بجے دن گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد میں تحریری و تقریری مقابلے منعقد کیاجائیں گے جب کہ تحریری مقابلے کا عنوان ” ریاست تلنگانہ کے حصول میں نوجوانوں کا رول ” اور تقریری مقابلے کاعنوان ” بی آر ایس حکومت کی فلاحی اسکیمات ” ہوگا ۔ انٹر میڈیٹ یا ڈگری کالج کے طلباء اس مقابلے میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ہر ایک مقابلے کیلئے تین انعامات رکھے گئے ہیں۔ انعام اول، دوم، سوم کو توصیفی سند ، شال ، مومنٹو کے علاوہ نقد انعام سے سرفراز کیا جائے گا۔ تحریری و تقریری مقابلے تین زبانوں اردو ، انگریزی اور تلگو میں منعقد کئے جائیں گے جب کہ 13 جون کو بین ریاستی مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔ ریاست تلنگانہ کے شہداء مجاہدین آزادی اور تلنگانہ کے سماجی جہدکار جیسے موضوعات پر غزل گوئی کا مقابلہ ہوگا۔ بہترین غزل پیش کرنے والے شاعر کو 25000 روپئے نقد ، دوسرے اور تیسرے نمبر کی غزل پر بالترتیب 10000روپئے اور 5000 روپئے نقد انعامات دئے جائیں گے۔ ججس کا فیصلہ قطعی اور آخری ہوگا۔ مشاعرہ کے مقام کا عنقریب اعلان کیا جائے گا ۔ طلباء و طالبات مزید تفصیلات کیلئے پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی سے یا لٹریری فورم ظہیرآباد سعداللہ خان سبیل سے فون نمبر 9032253303 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔