یونیورسٹیز میں تقررات کا بل منظور کرنے گورنر سے نمائندگی

   

عثمانیہ یونیورسٹی ٹیچرس اسوسی ایشن کی ملاقات
حیدرآباد۔/11جنوری، ( سیاست نیوز) فیڈریشن آف یونیورسٹی ٹیچرس اسوسی ایشن تلنگانہ کے نمائندوں نے گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی ریاستی یونیورسٹیز میں تقررات کی راہ ہموار کرنے کیلئے تلنگانہ یونیورسٹیز کامن ریکروٹمنٹ بورڈ بل 2022 کی منظوری کی درخواست کی۔ اسٹیٹ یونیورسٹیز میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات سے متعلق یہ بل اسمبلی اور کونسل میں منظوری کے بعد راج بھون میں زیر التواء ہے۔ گورنر نے کامن ریکروٹمنٹ بورڈ کی تشکیل پر اعتراض جتاتے ہوئے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کو راج بھون طلب کرتے ہوئے وضاحت طلب کی تھی۔ فیڈریشن آف یونیورسٹی ٹیچرس اسوسی ایشن کے وفد نے پروفیسر آر ملکارجن ریڈی کی قیادت میں گورنر سے ملاقات کی۔ انہوں نے تلنگانہ کی یونیورسٹیز میں اسٹاف کی کمی سے پیدا ہونے والے مسائل سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تقررات نہیں کئے گئے تو یونیورسٹیز NAAC کی گریڈنگ سے محروم ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ فنڈز کی اجرائی بھی متاثر ہوگی۔ ریاستی حکومت نے 2018 میں 15 یونیورسٹیز کیلئے 1061 جائیدادوں پر تقررات کی منظوری دی۔ مشترکہ طور پر تقررات کیلئے کامن ریکروٹمنٹ بورڈ کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ بل گورنر کی منظوری کا منتظر ہے۔ گورنر نے ٹیچرس اسوسی ایشن کو تیقن دیا کہ وہ ان کی نمائندگی کا جائزہ لیں گی۔ وفد میں سکریٹری جنرل پروفیسر بی ودیا ساگر، پروفیسر جی ملیشم، ڈاکٹر سی ایچ وینکٹیشورلو اور دوسرے موجود تھے۔ر