جلد از جلد تقررات کرنے چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔21جنوری(سیاست نیوز) ریاست کی جامعات میں جہاں وائس چانسلرس کے عہدہ مخلوعہ ہیں ان پر تقررات کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور محکمہ جاتی عہدیداروں کی جانب سے وائس چانسلرس کے تقرر کے سلسلہ میں سرچ کمیٹی کی تشکیل کے علاوہ دیگر امور کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تلنگانہ یونیورسٹی ‘ اگریکلچر یونیورسٹی کے علاوہ راجیو گاندھی یونیورسٹی کے وائس چانسلرس کے مخلوعہ عہدوں پر مستقل وائس چانسلرس کے تقررات کے سلسلہ میں اقدامات شروع کئے جاچکے ہیں اور اس سلسلہ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلد ازجلد وائس چانسلرس کے تقرر کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کے مطابق کاروائی کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے جاریہ سال کے آغاز کے موقع پر محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران اس بات کی ہدایت دی تھی کہ ریاست کی جامعات میں مخلوعہ جائیدادوں کی تمام تر تفصیلات حکومت کو پیش کی جائیں اور ان مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے درکار اجازت ناموں کے سلسلہ میں مشاورت کا آغاز کریں۔ چیف منسٹر کی جانب سے جاری کی گئی اس ہدایت کے بعد حکومت کے عہدیداروں نے ریاست کی تین جامعات میں وائس چانسلرس کے عہدوں پر مستقل تقررات نہ ہونے کے مسئلہ سے چیف منسٹر کو واقف کروایا تھا جس پر مسٹر اے ریونت ریڈی نے تینوں ریاستی جامعات کے وائس چانسلرس کے عہدہ پر تقررات کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کرنے کی ہدایت دی تھی۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ ہفتہ کے دوران چیف منسٹر کی جانب سے منظوری کے بعد تینوں جامعات کے وائس چانسلرس کے تقرر کے لئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور اعلامیہ میں جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ان جامعات کے وائس چانسلرس کے لئے حکومت کی جانب سے سرچ کمیٹی کی تشکیل کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق تینوں جامعات کے وائس چانسلرس کے لئے حکومت نے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے قواعد کے مطابق تقرر کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں سرچ کمیٹی کی تشکیل عمل میں لاتے ہوئے موصول ہونے والی درخواستوں میں اہل دعویداروں کے انٹرویو کے بعد ان کے تقررات کے سلسلہ میں محکمہ جاتی کاروائی کے بعد احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔3