یوپی میں بی جے پی 74 لوک سبھا سیٹیں جیتے گی

   

مرکزی وزیر جے پی نڈا کا دعویٰ ، بی جے پی کی موجودہ طورپر 71 نشستیں
لکھنو ۔16جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر اور اُترپردیش کیلئے بی جے پی لوک سبھا الیکشن انچارج جے پی نڈا نے آج بھرپور اعتماد کا اظہار کیا کہ زعفرانی پارٹی ریاست میں 80 کے منجملہ 74 لوک سبھا نشستیں جیتے گی اور عام انتخابات کیلئے حال ہی میں معلنہ ایس پی اور بی ایس پی کے نئے اتحاد کو اہمیت دینے سے انکار کیا۔ یوپی کے لئے پارٹی کا الیکشن انچارج مقرر کئے جانے کے بعد ریاستی دارالحکومت کو اپنے پہلے دورہ پر نڈا نے سینئر پارٹی عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کی ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ہم ریاست سے 74 نشستیں جیت کر لوک سبھا سیٹوں کی ہماری تعداد میں اضافہ کریں گے ۔ بی جے پی نے گزشتہ مرتبہ 71 نشستیں جیتے تھے اور دو دیگر اُس کی حلیف پارٹی اپنا دل کے حصہ میں آئی تھیں۔ انھوں نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرس میں کہا کہ بی جے پی لوک سبھا انتخابات میں معقول جیت درج کراتے ہوئے تمام ریکارڈس توڑ دے گی ۔ اس کی وجہ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت کے کارہائے نمایاں ہے ۔ وزیراعظم کے تئیں عوام کی چاہت بھی بی جے پی کی جیت میں اہم رول ادا کرے گی ۔ انھوں نے کہاکہ پارٹی کا انتخابی نعرہ ترقی رہے گا نہ کہ ذات پات پر مبنی سیاست ۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا نوتشکیل شدہ ایس پی ۔ بی ایس پی اتحاد سے بی جے پی کو کوئی خطرہ ہے ، انھوں نے کہاکہ ہمیں بخوبی اندازہ تھا کہ یہ اتحاد قائم ہوگا ۔ ہماری حکمت عملی رہے گی کہ لو ک سبھا چناؤ میں ڈالے جانے والے ووٹوں کا 50 فیصد حصہ حاصل کرتے ہوئے حریفوں کو ناکام بنائیں۔