یوپی کے ضلع فتح پور میں گوشت کے تھیلے کی دستیابی پر تشدد

   

فتح پور۔16جولائی(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع فتح پور کے گاؤں بہٹا میں منگل کو اس وقت کشید گی پھیل گئی جب کچھ لوگو ں نے ایک تالاب کے نزدیک سے گوشت کی برآمدگی پر جم کر ہنگامہ اور توڑ پھوڑ کیا اورمدرسہ میں آگ لگا دی۔اطلاعات کے مطابق پیر کی دن ہی صبح گاؤں میں تالاب کے نزدیک سے کچھ خواتین کو گوشت کا بیگ ملا تھا جس کے بعد سے ہی گاؤں میں حالات کشیدہ تھے ۔حالات کو قابو میں کرنے کے لئے بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ سینئر پولیس اور ضلع کے افسران گاؤں میں ہی موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق گوشت کے بیگ برآمد ہونے کی خبر دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کے گاؤں ادرولی، شہباز پور،کھنجہل پور، فرید پور، دھن مئو اور گوری میں پھیل گئی ۔گوشت کی برآمدگی کی خبر ملتے ہی ان گاؤں کے افراد اکٹھے ہوئے اور پرتشدد احتجاج کرتے ہوئے ایک مدرسے میں توڑ پھوڑ کیا اور قبل اس کے کہ پولیس کچھ کاروائی کر تی انہوں نے مدرسے میں آگ لگا دی۔تشدد پر آمادہ افراد کا الزام ہے کہ برآمد گوشت مدرسے میں رکھا گیا تھا۔ جائے وقوع پر موجود ہیں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سنجیو کمار سنگھ نے بتایا کہ حالات کشیدہ لیکن پرامن ہیں کسی بھی ناگہانی واقعہ سے بچنے کے لئے بڑے پیمانے پر پولیس اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے ۔