یوپی :5سال میں 20ہزار کروڑ کی سرکاری خریداری

   

لکھنؤ : اترپردیش حکومت کے تمام محکموں نے ‘گورنمنٹ ای۔مارکیٹ پیلس’( جیم پورٹل) کے ذریعہ سے گذشتہ پانچ سالوں میں 20642 کروڑ روپئے سے زیادہ کی خریداری کر کے ملک میں ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ وزیر اعلی دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گذشتہ مالی سال میں ریکارڈ 11228کروڑ کی خریداری کی گئی ہے جو اس سے پہلے سال کے مقابلے میں 143فیصدی زیادہ ہے ۔ اس میں 60فیصدی خریداری ایم ایس ایم ای اکائیوں سے ہوئی ہے ۔ ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سابقہ میعاد کار میں سرکاری محکموں میں ہونے والی خرید میں شفافیت اور بدعنوانی پر لگام لگانے کے لئے جیم پورٹل سے خرید کو ضروری قرار دیا تھا۔ انہوں نے محکمہ جاتی خریداری میں کوالٹی، شفافیت، کفایت شعاری کو ترجیح دینے کی وجہ سے گذشتہ پانچ سالوں میں 20642کروڑ روپئے سے زیادہ کی خرید کر یوپی ملک میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ گجرات 7400کروڑ روپئے کی خرید کے ساتھ دوسرے اور مدھیہ پردیش 5000کروڑ روپئے کی سرکاری خرید کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے ۔