یوکرین بحران پر پارلیمانی صلاح کارکمیٹی کا اجلاس

,

   

پھنسے ہندوستانیوں کی بحفاطت وطن واپسی پرراہول گاندھی کا زور

نئی دہلی :یوکرین پر روس کے لگاتار حملوں کے درمیان وہاں پھنسے ہندوستانیوں کو نکالنے میں ہو رہی تاخیر پر ہندوستان میں اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ لگاتار سوال اٹھا رہے ہیں۔یوکرین۔روس جنگ کے درمیان دہلی کے جواہر بھون میں ہوئی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس میٹنگ میں کانگریس لیڈر راہول گاندھی بھی شامل ہوئے۔ مرکزی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کی محفوظ واپسی کا مسئلہ زوردار طریقے سے اٹھایا گیا۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر اپنی وزارت کی صلاح کار کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔ وزیر خارجہ نے اس میٹنگ کے دوران پارلیمانی کمیٹی کے اراکین کو یوکرین کی تازہ حالت کے بارے میں جانکاری دی۔ میٹنگ ختم ہونے کے بعد کانگریس لیڈر ششی تھرور نے کہا کہ ہم سب ایک ساتھ ہیں۔میٹنگ میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر وینکٹ ستیہ وتی بی سیٹھی نے بھی حصہ لیا۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ کچھ دنوں میں سبھی ہندوستانی شہریوں کو نکالنے کا بھروسہ حکومت نے دیا ہے۔ میٹنگ میں شامل کئی دیگر اراکین نے بھی کہا کہ ہم سب کا ایک ہی زور ہے کہ پھنسے ہوئے سبھی ہندوستانیوں کی بہ حفاظت وطن واپسی ہو۔دراصل خارجی امور کی 21 رکنی صلاح کار کمیٹی میں کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی، ششی تھرور اور آنند شرما بھی رکن ہیں۔ حالانکہ اس میٹنگ میں 9 اراکین پارلیمنٹ نے ہی حصہ لیا۔ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کے ذریعہ لگاتار ہندوستانی شہریوں کی یوکرین سے وطن واپسی میں تاخیر کا سبب پوچھا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت سے بھی لگاتار یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ یوکرین میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کی تعداد بتائی جائے اور ایگزٹ پلان کے بارے میں پھنسے ہندوستانیوں کے اہل خانہ کو بتایا جائے۔