یوگا ہر چیز سے بالاتر، زندگی کا لازمی جز : وزیراعظم مودی

,

   

اچھی صحت کی برقراری میں اہم رول ۔ یوگا ڈے کے بڑے ایونٹ کا رانچی میں انعقاد

رانچی، 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) عوام سے یوگا کو سماج کے تمام طبقات تک پہنچانے کی اپیل کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ یوگا ہر چیز سے بالاتر ہے، جبکہ انھوں نے یوگا کے پانچویں بین الاقوامی یوم کے موقع پر یہاں پربھات تارا گراؤنڈ میں تقریباً 40,000 پرجوش افراد کے ساتھ مختلف آسن انجام دیئے۔ مودی نے عوام سے اپیل کی کہ یوگا کو زندگی کا لازمی جز بنائیں۔ انھوں نے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ ہمیں یوگا کو شہروں سے دیہات اور قبائلی علاقوں تک پہنچانے کی کوششیں کرنی چاہئیں۔ یوگا مذہب، ذات پات، رنگ، جنس اور خطہ سے بالاتر ہے، یہ ہر چیز سے پرے ہے۔ یوگا ڈے کا بڑا ایونٹ جھارکھنڈ کے دارالحکومت میں منعقد کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوگا استقلال سے برقرار ہے اور صدیوں سے ارتقائی منزلیں طے کرتا رہا ہے۔ یوگا کا بنیادی مقصد بدستور برقرار ہے کہ صحت مند بدن، مستحکم دماغ، اور ایکتا کا جذبہ ہو۔ یوگا نے علم، کرما اور بھکتی کا زبردست امتزاج فراہم کیا ہے۔ اس بات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہ نوجوانوں میں قلبی امراض کی کثرت پائے جارہے ہیں، مودی نے کہا کہ یوگا اس مسئلہ سے نمٹنے میں زبردست رول ادا کرسکتا ہے اور اس لئے رواں سال کا موضوع ’’یوگا برائے قلب‘‘ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دل سے متعلق عوارض ملک میں کئی گنا بڑھ چکے ہیں، جس کیلئے نگہداشت قلب، یوگا کے ذریعے انسداد اور مناسب علاج ضروری ہیں۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ حکومت یوگا کو احتیاطی نگہداشت صحت کا ستون بنانے کی سمت کام کررہی ہے۔ ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہندوستان میں یوگا کے بارے میں بیداری ہر گوشہ اور طبقہ تک پہنچ چکی ہے ۔ ڈرائنگ روم سے لے کر بورڈ روم تک، شہروں میں پارکوں سے لے کر اسپورٹس کامپلکس تک، ہر طرف یوگا کا مشاہدہ ہوجائے گا۔ یہ نشاندہی کرتے ہوئے اچھی صحت نئی بلندیوں تک پہنچنے کا حوصلہ بخشتی ہے، مودی نے کہا کہ تھکے بدن اور شکستہ دماغ کے ذریعے نہ خواب پورے کئے جاسکتے ہیں اور نا مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یوگا کو قبائلی گھروں تک پہنچانا اور قدیم نسل کے لوگوں کی زندگی کا ناقابل جدا حصہ بنانا چاہئے۔ انھوں نے زور دیا کہ یوگا کو مقبول بنانے کیلئے انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنا چاہئے۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت اس ضمن میں کام کررہی ہے۔ اب جبکہ دنیا یوگا کو اپنارہی ہے، مودی نے کہا کہ یوگا کے بارے میں ریسرچ میں یوگا کے تعلق سے تازہ معلومات فراہم کرنے پر زور دینا چاہئے، ٹھیک اسی طرح جیسے فون کو جدید ترین سافٹ ویئر کے ذریعے اَپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یوگا کی بڑھتی اہمیت کے ساتھ ٹرینرز کا رول بھی بڑھے گا۔