یوگی اقتدار میں غنڈے ۔مافیا روپوش ہوگئے: امیت شاہ

   

غازی پور: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی بی جے پی حکومت میں اترپردیش کی چہارجانب ترقی ہوئی ہے جبکہ غنڈے ،مافیا اور شرپسند عناصر روپوش ہونے کو مجبور ہیں۔ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے ایس پی صدر اکھلیش یادو پر طنز کسا اور کہاکہ کالا چشمہ پہننے والوں کو ترقی نہیں بلکہ سب کچھ کالا ہی نظر آتا ہے ۔انہوں نے دعوی کیا کہ یوپی میں بی جے پی 300سیٹیں جیت کر حکومت بنائے گی اور کسانوں، نوجوانوں ، بے روزگاروں، غریبوں سے کئے گئے تمام وعدے وفا کئے جائیں گے ۔شاہ نے کہا سال 2017 میں ہم نے کہا تھا کہ مافیاؤں کادور ختم کرنا ہے۔ آج آپ دیکھ لیں سبھی اپنی اوقات میں ہیں۔اکھلیش دور اقتدار میں قتل ، ڈاکہ زنی و عصمت دری کے معاملے میں سب سے اوپر رہنے والا یوپی آج ڈیری، آنولہ،گنا،چینی، ہرا مٹر، ادرک وغیرہ کی پیداوار میں سب سے آگے ہے۔
انہوں نے یوگی اقتدار میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کو تفصیلی سے شمار کراتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے قول فعل میں کوئی تضاد نہیں ہے دوبارہ حکومت بننے پر اعلی تعلیم کے لئے طالبات کو مفت اسکوٹی، نوجوانوں کو ٹیبلیٹ و اسمارٹ فون دیا جائے گا۔سال 2024 سے پہلے سبھی غریبوں کو پختہ مکان دئیے جائیں گے ۔کسانوں کو آبپاشی کے لئے بجلی مفت دی جائے گی۔کھجنیا اسمبلی حلقے سے بی جے پی امیدوار کے حق میں ووٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کسی بھی پارٹی کے ذریعہ سماج کے سب سے نچلے پائیدان پر زندگی گزارنے کو مجبور مسہر سماج کے کسی شخص کو نمائندگی کا موقع دیا ہے ۔ان کی جیت تاریخ کے صفحات میں درج ہوگی۔