یو پی ایس سی امتحانات ‘ تلنگانہ و اے پی کے 40 امیدوار کامیاب

,

   

تلنگانہ میں دھتری ریڈی سر فہرست ۔دونوں تلگو ریاستوں کے 4 امیدواروں کو ٹاپ 100 میں رینک
حیدرآباد : یونین پبلک سرویس کمیشن (یو پی ایس سی) امتحانات میں تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 40 افراد نے کامیابی حاصل کی ہے۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ کے امیدواروں میں 4 نے اندرون 100 رینک حاصل کیا۔ پی دھتری ریڈی 46 رینک، ایم سوریہ تیجا 76، کے روی تیجا 77 اور ایس رشی کیش ریڈی نے 95 رینک حاصل کیا ہے۔ 2019 ء کے نتائج کے اعلان کے بعد معلوم ہوا ہے کہ تلنگانہ میں دھتری ریڈی سرفہرست ہے جنھوں نے آل انڈیا 46 رینک حاصل کیا۔ دھتری ریڈی نے سابق میں یو پی ایس سی میں کامیابی حاصل کی تھی اور آئی پی ایس کیلئے نامزد کیا گیا تھا اور وہ نیشنل پولیس اکیڈیمی شیورام پلی میں زیرتعلیم ہے۔ مذکورہ نوجوان آئی پی ایس عہدیدار کا یہ تاثر ہے کہ اُنھوں نے تیسری مرتبہ سیول سرویس امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے اور اِس مرتبہ اطمینان بخش رینک آنے پر وہ آئی پی ایس ترک کرکے آئی اے ایس میں شامل ہوں گی۔ دھتری ریڈی نے آئی آئی ٹی کھڑک پور سے تعلیم حاصل کی۔ ایک اور امیدوار کے روی تیجا نے جن کا تعلق حیدرآباد سے ہے، 77 رینک حاصل کیا اور اُن کا تعلق بھی آئی آئی ٹی دہلی سے ہے۔ مذکورہ امیدوار نے گزشتہ مرتبہ 349 رینک حاصل کیا تھا اور اُنھیں انڈین پوسٹل سرویس میں شامل ہونے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن وہ دوبارہ محنت کرکے اِس مرتبہ 77 واں رینک حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور وہ بھی آئی اے ایس میں شامل ہونگے۔ اِسی طرح سی ایس بی آئی اے ایس اکیڈیمی سے تعلق رکھنے والے 8 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ ستیہ سائی کارتک، ایم نیکٹر، کے پریم ساگر، لکشمی پوانا گائتری، کے کارتک، این رشمیتا راؤ، کے ششی کانت و بی دھیرج جن کا تعلق تلنگانہ و آندھراپردیش سے ہے نے اِس مرتبہ یو پی ایس سی میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔