یو پی : ایک خاندا ن کے 7 افراد کو بس نے روند ڈالا

   

بلند شہر 11 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے بلند شہر ضلع میں ایک بس نے یاتریوں کے ایک گروپ کو روند ڈالا جس کے نتیجہ میں تین بچوں سمیت ایک خاندان کے ساتھ افراد ہلاک ہوگئے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ لوگ ویشنو دیوی مندر سے واپس ہو رہے تھے اور لب سڑک محو خواب تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ کے بعد بس ڈرائیور فرار ہوگیا ہے ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سنتوش کمار سنگھ نے کہا کہ متاثرین جو چندپا ہتھراس ضلع کے ساکن تھے ویشنو دیوی مندر گئے تھے اور ان کے ساتھ کچھ رشتہ دار اور دوسرے گاوں والے تھے ۔ واپسی میں یہ لوگ نرورا بلند شہر میں بس سے اترے اور گاندھی گنگا گھاٹ پر لب سڑک سوگئے ۔ صبح تقریبا 4 بجے ایک اور بس جو یاتریوں کو منتقل کر رہی تھی ان پر چڑھ دوڑی ۔ اطلاع ملنے پر پولیس عہدیدار وہاں پہونچ گئے ۔ اس دوران مقامی افراد وہاں جمع ہوگئے اور انہوں نے حادثہ کے خلاف احتجاج کیا ۔ پولیس نے عوام سے بات کرنے کے بعد نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیئے روانہ کردیا ۔ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا اور انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے فی کس دو لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ مہلوکین میں تین بچے بھی شامل ہیں۔