لکھنؤ:اتر پردیش کے ہاپوڑ میں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹ پڑا جس کے نتیجہ میں 9 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہو نے کی اطلاع ہے۔ زخمیوں کو نزدیکی ہاسپٹل میں علاج کیلئے شریک کیا گیا ہے۔ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ اس وقت راحت اور بچاؤ کا کام کیا گیا۔ چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے ہاپوڑ ضلع میں بوائلر پھٹنے سے لگنے والی آگ میں مزدوروں کی موت پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرنے والوں کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ہی چیف منسٹرٰ نے آئی جی اور کمشنر سمیت تمام اعلیٰ حکام کو فوری طور پر موقع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ یوگیٰ نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کے مناسب علاج کی ہدایات بھی دی ہیں۔