سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید کا مطالبہ، گاندھی خاندان پر مکمل اعتماد کا اظہار
حیدرآباد۔28 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ملک کی بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی تیاریوں کی اطلاعات کے دوران کانگریس کے قائدین اور سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ یکساں سیول کوڈ پر موقف کی وضاحت کرے۔ سلمان خورشید نے کہا کہ حکومت کو وضاحت کرنی چاہئے کہ یکساں سیول کوڈ کا حقیقی مطلب کیا ہے۔ دستور میں یکساں سیول کوڈ کا تذکرہ موجود ہے لیکن حکومت کو وضاحت کرنی چاہئے کہ آیا وہ یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کا تجربہ کرنا چاہتی ہے اور اس کے اثرات سماج پر کیا مرتب ہوں گے ۔ حکومت نے کبھی بھی نہیں کہا کہ وہ ہندو کوڈ نافذ کرے گی ۔ سلمان خورشید نے کہا کہ ملک میں اسلام ، عیسائیت اور دیگر مذاہب کی روایات پر عمل آوری کی جاتی ہے۔ حکومت کو واضح کرنا چاہئے کہ یکساں سیول کوڈ کا حقیقی معنی کیا ہیں جس کے بعد ہی ہم ردعمل ظاہر کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سماج میں امتیاز پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یکساں سیول کوڈ کے ذریعہ اسی پالیسی کو آگے بڑھانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ کانگریس کے اندرونی حالات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں پوچھے جانے پر سلمان خورشید نے گاندھی خاندان کو کانگریس پارٹی اور اس کے مستقبل کا اہم مرکز قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے بارے میں کوئی نہیں جانتا لیکن موجودہ حقیقت یہ ہے کہ کانگریس پارٹی کی بقاء گاندھی خاندان پر مکمل اعتماد سے ممکن ہے ۔ ہم یہ کہنے میں ہرگز تامل نہیں کریں گے کہ گاندھی خاندان کانگریس پارٹی اور اس کے مستقبل کا اہم مرکز ہے۔ ر