یکم نومبر کو چلو دہلی پروگرام کو کامیاب بنانے کی تیاری

   

نرمل کے کانگریس انچارج کے سری ہری راؤ نے خصوصی بس کا معائنہکیا

نرمل ۔ 27 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی کی جانب سے یکم نومبر کو نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد ہونے والے ’’چلو دہلی‘‘ احتجاجی پروگرام کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے نرمل اسمبلی حلقہ کانگریس انچارج کوچاڈی سری ہری راؤ نے کہا کہ ووٹوں کے تحفظ، جمہوریت کی بقا اور آئین کی سربلندی کے لیے پارٹی قائدین، کارکنان اور عوام کو بڑی تعداد میں شرکت کرنی چاہیے۔منگل کے روز نرمل سے دہلی روانہ ہونے والے کانگریس قائدین کے ہمراہ انہوں نے خصوصی بس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سری ہری راؤ نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں ملک بھر میں ووٹوں کی مبینہ چوری کے خلاف آواز بلند کی جا رہی ہے اور جمہوری اداروں کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ووٹ بچاؤ، دیش بچاؤ‘‘ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ جمہوریت اور عوام کے حقِ رائے دہی کے تحفظ کی تحریک ہے۔ انہوں نے کانگریس کارکنان سے اپیل کی کہ وہ یکم نومبر کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اس پروگرام کو کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر نرمل زرعی کمیٹی کے چیئرمین سوما بھیم ریڈی، آتما کمیٹی کے چیئرمین رام ریڈی، سابق ایم پی پی سادا سدرشن، سابق اے ایم سی چیئرمین دشرتھ راجیشور، ناندیڑپو چنّو، اوسا راجیشور، اندرکرن ریڈی، وینو، ساگر ریڈی اور دیگر کانگریس قائدین موجود تھے۔