۔15اگست کو زیادہ سے زیادہ لوگ قومی ترانہ گائیں: مودی

   

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے زیادہ سے زیادہ لوگوں سے 15 اگست کو قومی ترانہ گانے کی اپیل کی۔اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات میں مسٹر مودی نے اتوار کے روز کہا کہ اس بار 15 اگست کو ملک آزادی کے 75 ویں سال میں داخل ہورہا ہے ۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم آزادی کے 75 سال دیکھ رہے ہیں جس کے لئے ملک نے صدیوں سے انتظار کیا۔ آپ کو یاد ہوگا آزادی کے 75 سال منانے کے لئے ‘امرت مہوتسو’ کا آغاز 12 مارچ کو باپو کے سابرمتی آشرم سے ہوا تھا۔ اس دن باپو کی ڈانڈی یاترا کو بھی زندہ کیا گیا تھا ، تب سے جموں و کشمیر سے پڈوچیری تک ، گجرات سے شمال مشرق تک ‘امرت مہوتسو’سے متعلق پروگرام پورے ملک بھر میں جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ امرت مہوتسو سے ایسے بہت سارے واقعات ، ایسے مجاہدین آزادی جن کا تعاون تو بہت بڑا ہے ، لیکن ان کی اتنی چرچا نہیں ہوپائی – آج لوگ ان کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں۔ منی پور کا ایک چھوٹا سا شہر ‘موئرانگ’ کسی زمانے میں نیتا جی سبھاس چندر بوس کی انڈین نیشنل آرمی (آئی این اے ) کا ایک بڑا اڈہ تھا۔ یہاں آزادی سے قبل ہی آئی این اے کے کرنل شوکت ملک نے پرچم لہرایا تھا۔ ‘امرت مہوتسو’ کے دوران 14 اپریل کو اسی موئرانگ میں ایک بار پھر ترنگا پھرایا گیا تھا۔ بہت سارے مجاہدین آزادی اوربھی جنھیں ملک ‘امرت مہوتسو’ میں یاد کر رہا ہے ۔