۔18 سال سے زائد عمر کے 60 ہزار عازمین کوحجکی اجازت

,

   

ویکسین کے دونوں ڈوز کے صداقتنامہ کا لزوم
سعودی عرب آمد کے بعد تین دنوں کا قرنطینہ ضروری
کورونا قواعد و دیگر شرائط پر پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت

ریاض : سعودی عرب نے سال 2021 کے حج کے لیے کورونا وبا کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اور شرائط کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت 18 سال سے زائد عمر کے 60 ہزار ملکی اور غیر ملکی عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔سعودی وزارت صحت کی جانب سے 9 صفحات پر مشتمل دستاویز جاری کی گئی ہے جن میں حج کے حوالے سے مختلف شرائط کا ذکر کیا گیا جسے حرمین شریفین سے منسلک آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سلسلہ وار ٹوئٹس شیئر کیا گیا ہے۔مذکورہ نکات کے مطابق عازمینِ حج کا صحت مند ہونا ضروری ہے اور انہیں حج کا سفر کرنے سے 6 ماہ قبل تک کسی بیماری کی وجہ سے ہسپتال میں داخل نہ ہونا پڑا ہو جبکہ اس بات کا ثبوت دینا بھی لازمی ہے۔اس کے علاوہ عازمین حج کے لیے ویکسینز کی دنوں خوراکیں لگوانا اور بطور ثبوت اپنے ملک کی وزارت صحت یا حکام سے جاری کردہ ویکسنیشن کارڈ فراہم کرنا ضروری ہوگا۔حج پالیسی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سعودی مملکت کی وزارت صحت کی جانب سے منظور کردہ ویکسین کی فہرست میں شامل ویکسین ہی لگوانا لازم ہے۔خیال رہے کہ سعودی حکومت نے مملکت آنے والے مسافروں کے لیے صرف فائزر، ایسٹرا زینیکا اور موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی منظوری دی ہے۔ساتھ ہی یہ شرط بھی رکھی گئی ہے کہ عازمین کو 2 خوراکوں والی ویکسین کی پہلی خوراک یکم شوال اور دوسری خوراک سعودی عرب پہنچنے سے 14 روز پہلے لگ چکی ہو۔ اس کے باجود غیر ملکی عازمین کو سعودی عرب پہنچنے کے بعد 3 روز کے لیے قرنطینہ کرنا ہوگا جبکہ سماجی فاصلہ رکھنے، ماسک پہننے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اپنانے کی شرط عازمین کے تحفظ کے لیے برقرار رہے گی۔عازمین کے لیے لازمی ہوگا کہ حج کے مقامات پر پہنچنے کے بعد ان کے پاس اپنی صحت کی صورتحال سے متعلق تمام ضروری دستاویزات بشمول ویکسینیشن کارڈز/سرٹیفکیٹس مکمل حالت میں موجود ہوں۔اس کے علاوہ عازمین کو کووِڈ 19 سے متعلق احتیاطی اقدامات کے طور پر وڑوئل اسکریننگ سے بھی گزرنا ہوگا۔عازمین کو سوشل میڈیا، ٹور ایجنسیز اور ایس ایم ایس کے ذریعے معلومات فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔سفر کے لیے مختص مقامات کا انتظام کیا جائے گا جہاں ہر گروپ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اکھٹا ہونا ہوگا جبکہ ہر گروپ کے لیے ایک علیحدہ بس مختص کی جائے گی اور سفر کے دوران عازمین کو کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ساتھ ہی تمام عازمین کے سفری بیگز کو جراثیم سے پاک بنایا جائے گا جبکہ گزشتہ برس کی طرح اس برس بھی عازمین کو جراثیم سے پاک کنکریاں رمی کے لیے دی جائیں گیں۔مسجد الحرام کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق عازمین کو کھانے پینے کی اشیا مسجد میں لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ہر فرد کے درمیان 2 میٹر کا فاصلہ رکھنے کے لیے اسٹیکرز چسپاں کیے جائیں گے۔تاہم اگر کسی عازم کے جسم کا درجہ حرارت زیادہ ہو یا وہ مشتبہ حالت میں پایا گیا تو اسے وزارت صحت کے ماہرین کے پاس بھجوادیا جائے گا