نئی دہلی ، 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں اس وقت 47 ہزار غیر ملکی طلبا زیر تعلیم ہیں اور 2022 تک اس کا ہدف کو ڈیڑھ سے ڈھائی لاکھ تک بڑھا دیا گیا ہے ۔کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) اور ایڈسیل کے ذریعہ کئے گئے ایک سروے کی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے ۔ ہندوستان میں اعلی تعلیم کو بین الاقوامی بنانے کے بارے میں یہ ملک میں پہلا سروے ہے ۔ اس میں ملک کے 77 سرکاری اور غیر سرکاری اعلی تعلیمی اداروں کا احاطہ کیا گیا ہے ، جس میں تمام بڑے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اور این آئی ٹی شامل ہیں۔ جمعرات کو یہ رپورٹ سی آئی آئی کی تعلیمی کانفرنس میں جاری کی گئی۔یونیسکو کی ایک رپورٹ کے مطابق ، 43 لاکھ طلباء اپنے ملک سے باہر اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان میں چین اور ہندوستان کے سب سے زیادہ طلباء ہیں ، لیکن اسٹڈی ان انڈیا پروگرام کے تحت ہندوستان میں صرف 47 ہزار غیر ملکی طلبا زیر تعلیم ہیں