۔71 ویں یوم جمہوریہ پریڈ ، فوجی طاقت کا مظاہرہ

,

   

وزیراعظم نے نیشنل وار میموریل پر شہید جوانوں کو خراج پیش کیا ، صدر برازیل مہمان خصوصی

نئی دہلی۔ 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج اپنی فوجی طاقت کا زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے 71 ویں یوم جمہوریہ تقاریب کا اہتمام کیا۔ یوم جمہوریہ پریڈ میں ملک کے انتہائی عصری فوجی اور دفاعی آلات کو بھی شامل کیا گیا۔ یہ ہتھیار اندرون ملک تیار کردہ اور بیرونی ممالک سے بھی حاصل کردہ ہیں۔ دیڑھ گھنٹے تک چلی اس تقریب کا وزیراعظم نریندر مودی اور جاریہ سال کے مہمان خصوصی برازیل کے صدر جائرمیسیاس بولسونارو نے بھی مشاہدہ کیا۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے پریڈ کی سلامی لی۔ مرکزی وزراء کے علاوہ دوسرے کئی سیاسی قائدین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے نیشنل وار میموریل پر پہنچ کر شہید سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یہ خراج اب تک امر جوان جیوتی پر پیش کیا جاتا تھا۔ نیشنل وار میموریل پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے علاوہ فوجی سربراہ جنرل ایم ایم نروا نے بحریہ کے سربراہ کرم ویر سنگھ اور ایرفورس کے سربراہ آر کے ایس بھدوریا نے ان کا استقبال کیا۔ نیشنل وار میموریل کا گزشتہ سال فروری میں نریندر مودی نے آغاز کیا تھا۔ یہ یادگار ان سپاہیوں کیلئے بنائی گئی تھی جنہوں نے آزادی کے بعد ملک کے لئے اپنی جانیں قربان کردی تھیں۔ اس کے علاوہ پریڈ میں سی آر پی ایف کی خاتون اہل کاروں نے بائیکس کا مظاہرہ کیا۔ ان خواتین نے بائیکس پر دم بخود کردینے والے کرتب دکھائے۔ اس دستے کی قیادت انسپکٹر سیما ناگ نے کی۔ انہوں نے چلتی ہوئی بائیکس سے صدرجمہوریہ کووند کو سلامی دی۔ اس بار پریڈ میں آرمی ایر ڈیفنس کے جتھے نے بھی پہلی مرتبہ حصہ لیا۔ ہندوستان کے اینٹی سیٹلائیٹ ویپن سسٹم کو بھی پریڈ میں شامل کیا گیا تھا۔