12 سالہ لڑکا سوئمنگ پول میں غرقاب

   

گیند نکالنے کی کوشش جان لیوا ثابت ہوئی ‘ صنعت نگر میںو اقعہ
حیدرآباد : /16 اپریل (سیاست نیوز) صنعت نگر میں کھیل کے دوران ایک کمسن لڑکا سوئمنگ پول میں مشتبہ طور پر غرقاب ہوگیا ۔ 12 سالہ کارکتیہ جو صنعت نگر کے ساکن سرینواس کا بیٹا تھا کل اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کرکٹ کھیل رہا تھا ۔ لڑکے انڈور اسٹیڈیم کے قریب کھیل میں مصروف تھے ۔ اسی انڈور اسٹیڈیم میں بلدیہ کا سوئمنگ پول ہے ۔ کارتکیہ جو تعطیلات کے سبب مکان کے قریب ساتھیوں کے ہمراہ کرکٹ کھیل رہا تھا ۔ کرکٹ بال کو نکالنے سوئمنگ پول گیا ۔ سوئمنگ پول بند رہنے کے سبب کارتکیہ دیوار کو پھلانگ کر اسٹیڈیم میں داخل ہوا جو واپس نہیں لوٹا ۔ کچھ دیر بعد اس کے ساتھیوں نے کارتکیہ کی والدہ کو اس کی اطلاع دی اور بچے کی والدہ مقامی افراد کے ہمراہ انڈور اسٹیڈیم پہونچی اور گیٹ کھولدیا گیا ۔ اسٹیڈیم کے اندر سوئمنگ پول میں دیکھا گیا تو کارتکیہ سوئمنگ پول میں پڑا ہوا تھا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا لیکن کارتکیہ اس وقت تک فوت ہوچکا تھا ۔ اس واقعہ سے صنعت نگر بستی میں سنسنی پیدا ہوگئی ۔ تعطیلات کے سبب بچے کھیل میں مصروف تھے مقامی عوام نے اس پر شدید افسوس کا اظہار کیا اور پولیس کو اطلاع دی گئی ۔ پولیس نے مقام واردات پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی انجام دی ۔ انسپکٹر صنعت نگر پولیس سریندر ریڈی نے بتایا کہ 12 سالہ کارتکیہ مقامی خانگی اسکول میں 5 ویں جماعت کا طالب علم تھا ۔ اس کی والدہ جی ایچ ایم سی میں جاروب کش ہے اور والد حجام ہے ۔ لڑکا ساتھیوں کے ہمراہ کھیل رہا تھا کہ کرکٹ بال سوئمنگ پول میں جاگرا اور اس کرکٹ بال کو نکالنے کے دوران لڑکا غرقاب ہوگیا ۔ صنعت نگر پولیس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے ۔ 3