14 سالوں میں گجرات میں 6000 کروڑ کا کوئلہ گھوٹالہ،راہل گاندھی نے مودی سے جواب مانگا،60لاکھ ٹن کوئلہ غائب ہونے کاالزام

   

کانگریس نے گجرات کی بی جے پی حکومت پر 6000 کروڑ روپے کے کوئلہ گھوٹالہ کاالزام لگایا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی جانچ سپریم کورٹ کے ایک موجودہ جسٹس کی نگرانی میں مقررہ وقت پر ہونی چاہیے۔ اپوزیشن پارٹی نے یہ بھی کہاہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، سی بی آئی اور دیگر مرکزی ایجنسیوں کو مقدمہ درج کرنا چاہیے۔ اس الزام پر بی جے پی یا گجرات حکومت کی طرف سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹویٹ کیاہے کہ 60 لاکھ ٹن کوئلہ غائب۔ کیا وزیر اعظم ،وزیر کوئلہ کچھ کہیں گے؟ پارٹی کے ترجمان گورو ولبھ نے کہاہے کہ چھوٹی صنعتوں کو سستی قیمتوں پر اچھے معیار کا کوئلہ فراہم کرنے کی پالیسی یو پی اے حکومت نے 2007 میں شروع کی تھی۔ اس کے تحت ریاستوں سے کہا گیا کہ کول انڈیا کی کانوں سے کوئلہ ان تک براہ راست پہنچے گا اور وہ چھوٹی صنعتوں کو کوئلہ فراہم کریں۔ لیکن گجرات حکومت نے یہ کام خود کرنے کے بجائے کچھ ایجنسیوں کو دے دیا۔