اراکین میں رکن پارلیمنٹ، 2 ارکان مقننہ اور 3 کارپوریٹرس شامل
حیدرآباد ۔ 7 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی تشکیل کے احکامات جاری کرتے ہوئے حکومت نے 16 ارکان کی نامزدگی عمل میں لائی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے دو علحدہ جی اوز 26 اور 27 جاری کیا۔ صدرنشین کے الیکشن کیلئے 9 مئی کو 11:30 بجے دن حج ہاؤز نامپلی میں ارکان کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے صدرنشین کیلئے الحاج محمد سلیم سابق صدرنشین وقف بورڈ کے نام کی منظوری دی ہے اور ارکان کے اجلاس میں متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آئے گا۔ حکومت نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس کو الیکشن آفیسر مقرر کیا ہے جو الیکشن منعقد کریں گے۔ حج کمیٹی ایکٹ 2002 کے تحت 6 زمرہ جات کے تحت 16 ارکان کو نامزد کیا گیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ اور ارکان مقننہ زمرہ میں اسداویسی ایم پی، جعفر حسین معراج رکن اسمبلی اور فاروق حسین ایم ایل سی کو شامل کیا گیا۔ مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں میں شیخ مقبول کارپوریٹر کھمم، عاصمہ سلطانہ کونسلر نلگنڈہ اور شیخ حمید کارپوریٹر کونڈا پور کو نامزد کیا گیا۔ دیگر زمرہ جات کے تحت نامزد ارکان میں سید نظام الدین (نارسنگی)، سید عرفان الحق (کریم نگر)، میر نادر علی رضوی (لنگر حوض حیدرآباد)، محمد سلیم (حیدرآباد)، نوید اقبال (نظام آباد)، نصیرالدین (نرمل)، جعفر خاں (گجویل)، سید غلام احمد حسین (کریم نگر) شامل ہیں۔ محمد مسیح اللہ خاں صدرنشین وقف بورڈ اور بی شفیع اللہ ایگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بہ اعتبار عہدہ ارکان ہوں گے۔ حج کمیٹی صدرنشین اور ارکان کی میعاد 3 سال ہوگی۔ر