ہریش راؤ کا مرکزی وزیر صحت کو مکتوب ، ٹیکہ اندازی مہم کے بہتر نتائج برآمد ہونے کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے سرکاری ہاسپٹلس میں کورونا ٹیکہ کا بوسٹر ڈوز دینے کی منظوری دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکز سے اپیل کی ہے ۔ مرکزی وزیر صحت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ٹیکہ کے دو ڈوز لینے والے اہل افراد کو سرکاری سرپرستی میں بوسٹر ڈوز دینے کی اجازت دی جائے ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں فی الحال 60 سال مکمل کرنے والوں کو ہی بوسٹر ڈوز دینے کی مرکزی حکومت نے منظوری دی ہے ۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے 18 سال عمر مکمل کرنے والوں کو 10 اپریل سے بوسٹر ڈوز دینے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس کی صرف خانگی ہاسپٹلس کو اجازت دی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں وزیر صحت ہریش راؤ نے سرکاری ہاسپٹلس میں بھی 18 تا 59 سال عمر کے افراد کو بوسٹر ڈوز دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مکتوب روانہ کیا ہے ۔ اس معاملے میں ضرورت کے مطابق کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے ۔ وزیر نے بتایا کہ ریاست میں 10 اپریل تک بوسٹر ڈوز (پریکایشنری ) لینے والوں کی تعداد 9,84,024 ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ میں 18 سال عمر مکمل کرلینے والے 106 فیصد افراد پہلا ڈوز حاصل کیا جب کہ دوسرا ڈوز حاصل کرنے والوں کی تعداد 100 فیصد ہے ۔ 15 تا 17 سال عمر کے 90 فیصد افراد نے پہلا ڈوز لیا ہے جب کہ 73 فیصد عوام نے دوسرا ڈوز لیا ہے ۔ 12 تا 14 سال عمر کے 78 فیصد ٹیکہ اندازی مہم مکمل ہوئی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں کورونا کو کنٹرول کرنے اور اس کے اثر کو کم کرنے کے معاملے میں ٹیکہ اندازی کی مہم کارآمد ثابت ہوئی ہے ۔۔ ن