30 جون تک 52 لاکھ بچوں کو دوائی، حیدرآباد میں پلس پولیو مہم کا آغاز، ریاستی وزراء کی شرکت

   

حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور وزیر ایس سی ڈیولپمنٹ لکشمن کمار نے آج حیدرآباد میں پلس پولیو پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کی دوا پلائی گئی۔ وزیر صحت نے کہا کہ پلس پولیو مہم کا مقصد بچوں میں مرض پولیو کا خاتمہ کرنا ہے۔ تلنگانہ کو پولیو سے پاک ریاست بنانے کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں پلس پولیو مہم کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں بچوں کو دوا پلانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ بورہ بنڈہ کے پرائمری ہیلت سنٹر میں ریاستی وزراء نے پلس پولیو پروگرام میں حصہ لیا۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور جوبلی ہلز کے رکن اسمبلی نوین یادو اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر صحت نے کہا کہ گزشتہ 14 برسوں میں تلنگانہ میں پولیو کا ایک بھی کیس درج نہیں ہوا ہے۔ والدین میں شعور بیداری اور محکمہ صحت کی موثر کارکردگی کے نتیجہ میں تلنگانہ پولیو سے پاک ریاست بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال حکومت نے 52 لاکھ بچوں کو پولیو کی دوا کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ 30 جون تک یہ مہم جاری رہے گی اور 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو دوائی کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے پلس پولیو پروگرام کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر تک محکمہ صحت کی ٹیمیں پہنچیں گی اور بچوں کو دوائی دی جائے گی۔ حیدرآباد ضلع کلکٹر پریانک اعلیٰ کمشنر میڈیکل اینڈ ہیلت ڈاکٹر ایس سنگیتا ستیہ نارائن، ڈاکٹر ناگا لکشمی، ڈاکٹر وجئے نرملا اور محکمہ صحت کے دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ ریاستی وزراء کو حیدرآباد میں پلس پولیو مہم کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ 1؍F