31مارچ 2026 تک ہماچل کی سبز توانائی والی ریاست میں تبدیلی

   

حکومت کافیصلہ ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ وہیکل انڈسٹری کو بھی فروغ دے گا : سکھو

شملہ : ریاستی حکومت ہماچل میں ماحول دوست پائیدار ترقی کو فروغ دے رہی ہے ۔ اس سمت میں ریاست میں ماحول دوست نقل و حمل کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ریاستی کابینہ کی حالیہ میٹنگ میں لیے گئے اہم فیصلے کے تحت، گاڑیوں کے مالکان موٹر وہیکل ٹیکس کی یک مشت رعایت کے ساتھ ساتھ رجسٹرڈ وہیکل اسکریپنگ فیسیلٹی (آروی ایس ایف) میں اسکریپ کی جانے والی پرانی گاڑیوں سے متعلق سود اور جرمانے کی یک مشت چھوٹ کے اہل ہوں گے ۔ یہ رعایت ایک سال کی مدت کے لیے لاگو ہوگی، جو گاڑیوں کے مالکان کو موجودہ قوانین کے مطابق اپنی پرانی گاڑیوں کو اسکریپ کرنے کے لیے ماحول دوست نقطہ نظر سے ذمہ دار آپشن منتخب کرنے کے لئے ترغیب دے گی۔اس کے علاوہ ویلڈ سرٹیفکیٹ آف ڈیپازٹ پیش کرنے پر نئی گاڑی کے رجسٹریشن کے لیے ہماچل پردیش موٹر وہیکل ٹیکسیشن ایکٹ 1972 کے سیکشن 14 کے تحت قابل ادائیگی ٹیکس پر نان ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو 15 سال تک 25 فیصد اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے معاملے میں آٹھ سال تک 15 فیصد رعایت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ ٹھاکر سکھویندر سنگھ سکھو نے کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ وہیکل انڈسٹری اور متعلقہ شعبوں کوفروغ دے گا۔ حکومت کے اس فیصلے کا بنیادی مقصد ماحولیاتی طور پر ناکارہ گاڑیوں کو ری سائیکل کرنا ہے ، تاکہ ان گاڑیوں سے ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست پائیدار ترقی اور ریاست کی اقتصادی ترقی کے لیے ریاستی حکومت نے ٹیکس میں رعایتیں فراہم کی ہیں۔ریاستی حکومت نے 31 مارچ 2026 تک ہماچل پردیش کو سبز توانائی والی ریاست میں تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت کی جانب سے کئی موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ ریاستی حکومت کا پہلا بجٹ ہی ریاست میں سبز توانائی پر مرکوز بجٹ تھا۔ رجسٹرڈ وہیکل اسکریپنگ فیسیلٹی میں ضوابط کے تحت خطرناک مواد کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کو ذہن میں رکھتے ہوئے پرانی گاڑیوں کی اسکریپنگ یقینی بنائی جاتی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گاڑیوں کے مالکان کوماحول دوست رجسٹرڈ وہیکل اسکریپنگ فیسیلٹی سے فائدہ اٹھانے کے لئے حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ۔ یہ نقطہ نظر گاڑیوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے سائنسی اور ماحول دوست عمل کو یقینی بناتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مراعات گاڑیوں کے مالکان کو غیر منظم اسکریپ مارکیٹ کا فائدہ اٹھانے سے روکیں گے ، جس سے ہماچل پردیش کو گرین انرجی اسٹیٹ کے طورپر قائم کرنے کی ریاستی حکومت کی کوششوں کوجلد کامیابی ملے گی۔