ہینڈلوم اور پاورلوم بافندوں کو سال تمام کام مل رہا ہے جس سے ان کے معیار زندگی میں بہتری ہوئی
حیدرآباد 29 اگسٹ (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے ہینڈلوم اور پاؤرلوم بافندوں کے لئے فلاحی اسکیمات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ان کی مدد کی جارہی ہے اور انھیں رعیتو بیمہ کے خطوط پر لائف انشورنس کور فراہم کیا جارہا ہے۔ ان پٹ اور مارکٹنگ ترغیبات دینے جارہے ہیں۔ یونیفارمس اور گورنمنٹ ویلفیر ہاسٹلس اور تعلیمی اداروں، اقامتی اسکولس اور کالجس کی دوسری ضرورتوں، آنگن واڑی اور آشا ورکرس کے لئے ساڑیوں کی تیاری کے لئے فیبرک سربراہ کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ پاور لومس کی شراکت کے ساتھ حکومت تلنگانہ نے 2017 ء سے 1,466 کروڑ روپئے مصارف سے 18 سال سے زیادہ عمر والی خواتین کو جن کے نام فوڈ سکیوریٹی کارڈس میں ہیں 4.79 کروڑ سے زائد ساڑیاں تقسیم کئے ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں شروع کی گئی بتکماں ساریز اسکیم سے پاورلوم بافندوں کو سال تمام کام مل رہا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ اسٹیٹ ہینڈلوم ویورس کوآپریٹیو سوسائٹی کو شامل کرتے ہوئے دسہرہ گفٹ پیاکس، رمضان گفٹ پیاکس، کرسمس گفٹ پیاکس کے طور پر بھی کپڑے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ ہینڈلوم بافندوں کو زیادہ کام ملے اس لئے وزیر آئی ٹی، ہینڈلوم اینڈ ٹکسٹائیلس کے ٹی راما راؤ نے سرکاری عہدیداروں اور ملازمین سے اپیل کی کہ کم از کم ہر پیر کو ہینڈلوم کے کپڑے پہنیں۔ چنتا مترا اسکیم کے حصہ کے طور پر حکومت ہینڈلوم اور ماسٹر ویورس ہینڈلوم سوسائٹیز اور ٹی ایس سی او کو ان پٹس جیسے دھاگہ، رنگوں اور کمیکلس پر 40 فیصد سبسیڈی دے رہی ہے۔ سبسیڈی کی رقم کو راست طور پر انفرادی بافندوں اور سوسائٹیز کے بینک اکاؤنٹس میں کریڈٹ کیا جارہا ہے۔ اب تک 20,500 استفادہ کنندگان کو سبسیڈی کے طور پر 24.09 کروڑ روپئے دیئے گئے۔ تلنگانہ ہینڈلوم ویورس تھرفٹ فنڈ سیونگس اینڈ سکیوریٹیز اسکیم کے تحت حکومت کے حصہ کو 8 فیصد سے بڑھاکر 16 فیصد کیا گیا۔ مجموعی طور پر 36 ماہ کی ریکرنگ ڈپازٹ اسکیم کے سلسلہ میں 2017-20 کی مدت کے دوران 20,537 استفادہ کنندگان کو 96.43 کروڑ روپئے دیئے گئے۔ حال میں شروع کی گئی نیتھنا بیمہ اسکیم کے تحت 18 تا 59 سال عمر کے ہینڈلوم ورکرس میں کسی ورکر کی مدت خواہ کسی وجہ سے ہونے کی صورت میں اس کے خاندان کو 5 لاکھ روپئے لائف انشورنس ادا کیا جائے گا۔ حکومت اس اسکیم کو رعیتو بیمہ اسکیم کے خطوط پر لائف انشورنس کارپوریشن کے اشتراک سے روبہ عمل لارہی ہے۔